اے آئی سی سی میں بڑے پیمانے پر تبدیلی متوقع، تلنگانہ سے تین قائدین کی شمولیت پر غور
حیدرآباد /23 جولائی (سیاست نیوز) کانگریس کے نائب صدر راہول گاندھی کی ٹیم میں شامل ہونے کے لئے کانگریس قائدین میں رسہ کشی شروع ہو گئی ہے، جب کہ اتم کمار ریڈی، محمد علی شبیر اور جانا ریڈی کو سات تا دس قائدین کے ناموں کی تجویز پیش کرنے کی ذمہ داری سونپی گئی ہے۔ ذرائع نے بتایا کہ راہول گاندھی نے تینوں قائدین سے کہا ہے کہ وہ ملک کی مختلف ریاستوں سے 100 تا 150 قائدین کی ایک ٹیم تیار کرنا چاہتے ہیں، لہذا آپ تینوں تلنگانہ کے 35 تا 50 سال کے سات تا دس قائدین کی سفارش کریں۔ انھوں نے یہ بھی ہدایت دی ہے کہ ایک دو قائدین کی عمر 50 سال سے زائد ہو تو کوئی فرق نہیں پڑے گا۔ ذرائع نے بتایا کہ قائد اپوزیشن کے جانا ریڈی کے دورہ ضلع کھمم کی وجہ سے تینوں قائدین کا اجلاس نہیں ہوسکا، لیکن دو چار دن میں اجلاس کے انعقاد کا امکان ہے۔ ذرائع کے بموجب راہول گاندھی کی ٹیم میں شامل ہونے کے لئے تلنگانہ کے نوجوان کانگریس قائدین، موجودہ ارکان اسمبلی اور سابق ارکان پارلیمنٹ مذکورہ قائدین سے رابطہ بنائے ہوئے ہیں اور اپنے ناموں کی سفارش کے لئے ان پر دباؤ ڈال رہے ہیں۔ ذرائع نے بتایا کہ ان قائدین کی جانب سے پیش کئے جانے والوں ناموں کا راہول گاندھی جائزہ لیں گے، جب کہ دو سرگرم قائدین کا اے آئی سی سی سکریٹری کی حیثیت سے نامزدگی کا امکان ہے۔ ذرائع نے بتایا کہ چند قائدین کو راہول گاندھی اپنی ٹیم میں شامل کرتے ہوئے سروے اور دیگر کاموں کے لئے ان کی خدمات سے استفادہ کریں گے، جب کہ کانگریس قائدین اس ٹیم میں اپنی شمولیت کو بہت بڑا اعزاز سمجھ رہے ہیں۔ ذرائع نے بتایا کہ انتخابات یا دیگر مواقع پر قائدین کی کار کردگی کو مدنظر رکھتے ہوئے نامزدگی عمل میں لائی جاسکتی ہے، اس طرح اے آئی سی سی میں بہت جلد بڑے پیمانے پر تبدیلیوں کا امکان ہے۔