راہول گاندھی کا غریبی ہٹاؤ نعرہ عوام کو دھوکہ کے مترادف

ماضی میں اندرا گاندھی کا بھی اسی نعرہ سے ووٹ کا حصول ، ٹی ہریش راؤ کا انتخابی مہم سے خطاب
حیدرآباد۔28مارچ(سیاست نیوز) 1971میں اندرا گاندھی نے غریبی ہٹاؤ کا نعرہ لگاتے ہوئے عوام سے ووٹ حاصل کئے تھے اور اب ان کے پوترے راہول گاندھی بھی غریبی ہٹاؤ کا نعرہ لگاتے ہوئے عوام کو دھوکہ دے رہے ہیں۔ کانگریس قائدین اس بات سے واقف ہیں کہ وہ عوام کو دھوکہ دے رہے ہیں اس کے باوجود وہ عوام سے ووٹ مانگ رہے ہیں۔ سابق ریاستی وزیر مسٹر کے ہریش راؤ نے حلقہ پارلیمنٹ میدک میں تلنگانہ راشٹر سمیتی امیدوار کے حق میں انتخابی مہم کے دوران یہ بات کہی اور کہا کہ صدر کانگریس عوام کو پہلے اس بات کا جواب دیں کہ آزادی ٔ ہند کے بعد سے اب تک ہندستانی عوام کی غربت کیلئے کون ذمہ دار ہیں اور ان کی دادی یعنی اندرا گاندھی کی غریبی ہٹاؤ مہم کے کیا نتائج برآمد ہوئے ! مسٹر ہریش راؤ نے کہا کہ راہول گاندھی کو عوام سے ووٹ مانگنے سے قبل ان باتوں کا جواب دینا ہوگا کہ ان کی اسکیم تیسری نسل میں کیوں منتقل ہوئی آیا کیا اس وقت اسکیم ناکام ہوئی تھی یا پھر اس کے کوئی مثبت نتائج برآمد نہیں ہوئے !ٹی آر ایس قائد مسٹر ہریش راؤ نے کہا کہ تلنگانہ ریاست اپنی تشکیل کے اندرون 5برسوں کے دوران ملک کی دیگر ریاستوں کے لئے مثال بن چکی ہے اور ریاست تلنگانہ میں ماہانہ وظاٹف پیرانہ سالی جو جاری کئے جا رہے ہیں وہ 3ہزار روپئے ہیں اور اس کے علاوہ غربت کے خاتمہ کیلئے ہر بے گھر فرد کیلئے گھر کی گنجائش فراہم کرنے کی غرض سے ڈبل بیڈروم اسکیم کو روشناس کروایا گیا ہے جس کے نتیجہ میں عوام تلنگانہ راشٹر سمیتی پر اعتماد کر رہے ہیں ۔ انہو ںنے بتایا کہ چیف منسٹر تلنگانہ مسٹر کے چندر شیکھر راؤ ملک کی تمام ریاستوں کے چیف منسٹرس سے زیادہ متحرک اور عوامی فلاح و بہبود کے متعلق فکرمند رہنے والی شخصیت ہے اور اس فعال شخصیت کے سبب ہی ریاست تلنگانہ کی ترقی اور تلنگانہ کو سنہرا تلنگانہ بنانے میں حائل ہونے والی رکاوٹوں کو دور کیا جا رہاہے۔مسٹر ہریش راؤ میدک پارلیمانی حلقہ میں ارکین بلدیہ و ادارۂ جات مقامی کے اجلاس سے خطاب کر رہے تھے ۔ انہو ںنے کہا کہ ریاست تلنگانہ کی مثالی ترقی اور کانگریس قائدین کی دھوکہ دہی کو منظر عام پر لانے کیلئے تلنگانہ راشٹر سمیتی کارکنوں کو عوام کے درمیان پہنچنا چاہئے تاکہ عوام کو اس بات کا احساس ہوجائے کہ کانگریس عوام کو کس طرح سے دھوکہ دے رہی ہے اور تلنگانہ راشٹر سمیتی عوامی فلاح و بہبود کیلئے کس طرح سے کمر بستہ رہتے ہوئے منصوبوں کی تیاری اور ان پر عمل آوری کے اقدامات میں مصروف ہے جس کے نتائج عوام کے سامنے ہیں۔