ورکنگ کمیٹی کی تنظیم جدید ضروری ، راہول کی قیادت میں دوبارہ اقتدار حاصل ہوگا
حیدرآباد ۔ 27۔ مئی (سیاست نیوز) کانگریس کے سینئر قائد ایم ششی دھر ریڈی نے آل انڈیا کانگریس کمیٹی کی صدارت سے راہول گاندھی کے استعفیٰ کو فی الفور واپس لینے کا مطالبہ کیا ۔ گاندھی بھون میں میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے ششی دھر ریڈی اور جی نرنجن نے کہا کہ لوک سبھا انتخابات میں پارٹی کی شکست کیلئے راہول گاندھی ذمہ دار نہیں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ راہول گاندھی نے پارٹی کو بہترین قیادت دی ہے اور انتخابی مہم کے دوران انہوں نے ملک بھر کا دورہ کرتے ہوئے کانگریس کی اسکیمات کو عوام تک پہنچایا۔ ششی دھر ریڈی نے کہا کہ راہول گاندھی کو اپنے استعفے پر اصرار نہیں کرنا چاہئے ۔ پارٹی صدارت کیلئے ان سے بہتر کوئی اور شخصیت نہیں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس ورکنگ کمیٹی کی جانب سے راہول گاندھی کے استعفیٰ کو نامنظور کرنا باعث مسرت ہے۔ انہوں نے کہا کہ راہول گاندھی کو پارٹی کی تنظیم جدید کیلئے مکمل اختیارات دیئے جائیں۔ ششی دھر ریڈی نے کانگریس پارٹی میں نئی جان پیدا کرنے کیلئے ورکنگ کمیٹی کی تنظیم جدید کی تجویز پیش کی ۔ انہوں نے کہا کہ پارٹی میں تبدیلیوں کیلئے راہول گاندھی کو فری ہینڈ دیا جائے اور انہیں چاہئے کہ نئے اور پرانے چہروں کے ساتھ پارٹی کی تنظیم جدید کریں۔ انہوں نے کہا کہ قائدین کی بعض کوتاہیوں کے سبب پارٹی کو شکست کا سامنا کرنا پڑا ۔ ورکنگ کمیٹی کے اجلاس میں راہول اور پرینکا نے خامیوں اور کوتاہیوں کے بارے میں کھل کر اظہار خیال کیا۔ ششی دھر ریڈی نے کہا کہ راہول گاندھی کی قیادت میں کانگریس پارٹی دوبارہ برسر اقتدار آسکتی ہے۔ عوام کے دلوں میں کانگریس پارٹی کے لئے جگہ ہے اور تنظیمی طور پر کانگریس پارٹی دیگر جماعت سے زیادہ مستحکم ہے۔