عظمیٰ شاکر ریاستی جنرل سکریٹری کانگریس کمیٹی کا ردعمل
حیدرآباد 26 جنوری (سیاست نیوز) باپ، بیٹا اور بیٹی اقتدار کے نشے میں اخلاقی حدوں کو پار کررہے ہیں۔ انھیں نہ ہی عوامی جذبات و احساسات کا خیال ہے اور نہ ہی کسی سیاسی قائد کے اقدار کا پاس و لحاظ ہے۔ وہ تینوں ہمیشہ گھمنڈ میں چور جو چاہے بکتے رہتے ہیں۔ انھیں اس بات کا خیال نہیں رہتا کہ ان کی غیر ضروری بیان بازیوں سے کسی کے دل کو ٹھیس پہنچ سکتی ہے۔ ان خیالات کا اظہار محترمہ عظمیٰ شاکر جنرل سکریٹری کانگریس پارٹی نے اپنے ایک صحافتی بیان میں کیا۔ وہ رکن پارلیمنٹ کے کویتا کے اس ریمارک پر ردعمل ظاہر کررہی تھیں جس میں انھوں نے راہول گاندھی نام کو بگاڑ کر ’’رودالی گاندھی‘‘ کہتے ہوئے تنقید کی تھی۔ محترمہ عظمیٰ شاکر نے ایم پی کویتا کے اس ریمارک کو قطعی ناقابل معافی قرار دیا ۔عظمیٰ شاکر نے کہاکہ 2019 ء میں یقینا ریاست کے عوام ضرور انھیں سزا دیں گے اور تلنگانہ کی باگ ڈور پورے اطمینان کے ساتھ کانگریس کے حوالے کریں گے ۔انہوں نے کہا تاریخ گواہ ہے کہ گاندھی خاندان نے ملک کیلئے بڑی سے بڑی قربانیاں دی ہیں ۔