کانگریس صدر کو مینٹل ہاسپٹل میں شریک کردیا جائے ۔ منسٹر آف اسٹیٹ صحت اشونی کمار چوبے کا خطاب
نئی دہلی ۔ یکم ستمبر ( سیاست ڈاٹ کام ) مرکزی منسٹر آف اسٹیٹ صحت و خاندانی بہبود اشونی کمار چوبے نے آج راہول گاندھی پر نازیبا تنقید کی جس سے ایک تنازعہ پیدا ہوسکتا ہے ۔ انہوں نے راہول گاندھی کو ’ نالی کے کیڑے ‘ قرار دیا ۔ اشونی کمار چوبے نے بہار کے ساسارام میں ایک پروگرام سے خطاب کرتے ہوئے راہول گاندھی اور نریندر مودی کا تقابل کیا ۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی آسمان جیسے ہیں اور کانگریس صدر کیسے ہیں ؟ نالے کے کیڑے جیسے ۔ راہول گاندھی کو ذہنی طور پر متاثر قرار دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کانگریس صدر کو علاج کیلئے کسی مینٹل ہاسپٹل میں شریک کردیا جانا چاہئے ۔ چوبے نے کہا کہ وہ وزیر اعظم نریندر مودی پر راہول گاندھی کی تنقیدوں سے کافی مایوس ہیں ۔ وہ مودی پر رافیل معاملت میں جھوٹ بولنے کا الزام عائد کر رہے ہیں اور انہیں کسی مینٹل ہاسپٹل میں شریک کردیا جانا چاہئے ۔انہوں نے کہا کہ راہول گاندھی خود کو عظیم شخصیت دانشور اور پرفیکٹ قرار دے رہے ہیں۔ وہ مودی کو رافیل معاملت میں جھوٹا قرار دے رہے ہیں۔ ایسی بات کوئی ذہنی معذور شخص ہی کہہ سکتا ہے ۔ میں سمجھتا ہوں کہ انہیں کسی مینٹل ہاسپٹل میں شریک کردیا جانا چاہئے ۔ 65 سالہ مرکزی وزیر نے کہا کہ کانگریس ہی در اصل کرپشن کی ماں ہے ۔ انہوں نے اپوزیشن کے اتحاد مہا گٹھ بندھن کو مہا ٹھگ بھندھن قرار دیا ۔ چوبے نے کہا کہ ہندوستان کو نریندر مودی جیسے ترقی پسند وزیر اعظم کی ضرورت ہے اور سارا ملک نریندر مودی کو ایک بار پھر وزیر اعظم بنانے کیلئے متحد ہوجائیگا ۔ اشونی کمار چوبے نے یہ متنازعہ بیان ایسے وقت میں دیا ہے جب کانگریس پارٹی مطالبہ کر ہری ہے کہ فرانس سے رافیل طیارے خریدنے کے معاملہ کی مشترک پارلیمانی کمیٹی کے ذریعہ تحقیقات کروائی جائیں۔ پارٹی کا الزام ہے کہ یہ مودی حکومت کاایک بڑا اسکام ہے اور مخصوص کارپوریٹس کو فائدہ پہونچانے اس معاملت میں تبدیلیاں کی گئی تھیں۔ راہول گاندھی کے تعلق سے چوبے کا ریمارک پہلی مرتبہ نہیں ہے ۔ انہوںنے 2015 میں راہول گاندھی کو بیرونی طوطا قرار دیا تھا اور کہا تھا کہ راہول گاندھی دوسروں کے تحریر کردہ مسودے پڑھ کر بی جے پی پر تنقید کرتے ہیں۔