راہول گاندھی شمس آباد ایرپورٹ کے بجائے ناندیڑ سے تلنگانہ میں داخل

آج ضلع عادل آباد میں پدیاترا، تلنگانہ پردیش کانگریس کو مایوسی ، کئی ارکان ناراض
حیدرآباد۔ 14 مئی(پی ٹی آئی) کانگریس کے نائب صدر راہول گاندھی آج رات تلنگانہ پہونچے۔ وہ کل ضلع عادل آباد میں کسانوں سے ملاقات کرتے ہوئے ’’پدیاترا‘‘ نکالیں گے اور ان کے مسائل کے بارے میں جانکاری حاصل کرتے ہوئے انہیں نمایاں کریں گے۔ راہول گاندھی آج شام نئی دہلی سے وسط مہاراشٹرا میں ناندیڑ پہونچے اور یہاں سے وہ براہ سڑک تلنگانہ کے ضلع عادل آباد میں نرمل پہونچے۔ تلنگانہ کانگریس صدر این اتم کمار ریڈی، کارگذار صدر ملو بٹی وکرامارکا اور پارٹی کے دیگر قائدین نے ان کا خیرمقدم کیا۔ 44 سالہ راہول گاندھی امیتھی کے رکن پارلیمنٹ دراصل عادل آباد روانہ ہوتے ہوئے حیدرآباد پہونچنے والے تھے۔ انہیں شمس آباد ایرپورٹ پر اُتر کر یہاں مقامی کانگریس قائدین سے ملاقات کرنا تھا لیکن ان کے دورہ کے پروگرام میں تبدیلی کی گئی اور وہ حیدرآباد کے بجائے ناندیڑ سے تلنگانہ میں داخل ہوئے۔ اس پروگرام سے تلنگانہ لیڈرس کو مایوس ہوئی کیونکہ انہوں نے شمس آباد ایرپورٹ پر ان کا خیرمقدم کرنے کا پروگرام بنایا تھا ۔ حیدرآباد کو نظرانداز کرنے پر بھی ناراضگی ظاہر کی گئی۔ راہول گاندھی کل ضلع عادل آباد میں صبح 15 کیلومیٹر کی پدیاترا کا آغاز کریں گے اور شام میں کسانوں سے خطاب کریں گے۔ وہ کسانوں سے ملاقات کے علاوہ فصلوں کی تباہی اور نقصانات کے باعث مبینہ خودکشی کرلینے والے کسانوں کے ارکان خاندان کو پرسہ دیں گے۔ ریاست تلنگانہ کے سینئر قائدین نرمل پہنچ گئے جبکہ پہلی مرتبہ دہلی اور حیدرآباد سے بڑی تعداد میں الیکٹرانک اور پرنٹ میڈیا کے نمائندے بھی یہاں پہونچ چکے ہیں اور پروگرام کے راست ٹیلی کاسٹ کیلئے انتظامات شروع کردیئے گئے ہیں جبکہ قدیم بس اسٹانڈ جانے والے راستہ کا رخ قصبہ کی طرف موڑ دیا گیا ہے۔ ہوٹل کے اندر اور باہر پولیس کے سخت انتظامات کئے گئے ہیں۔