راہول کی صدارت میں سی ڈبلیو سی کا اجلاس

نئی دہلی، 22 دسمبر (سیاست ڈاٹ کام) کانگریس کے نو منتخب صدر راہل گاندھی کی صدارت میں آج شام کانگریس ورکنگ کمیٹی کی پہلی ملاقات ہو گی جس میں حال ہی میں اختتام پذیر گجرات اور ہماچل پردیش اسمبلیوں کے انتخابات میں پارٹی کی کارکردگی پر تبادلہ خیال ہوگا۔ مسٹر راہل گاندھی کے 16 دسمبر کو کانگریس کی کمان سنبھالنے کے بعد پارٹی کی پالیسی ریگولیٹری یونٹ کی یہ پہلی میٹنگ ہے ۔ نائب صدر کے عہدہ پر رہتے ہوئے وہ اس وقت کی صدر سونیا گاندھی کی غیر موجودگی میں ایک بار ورکنگ کمیٹی کی میٹنگ کی صدارت کر چکے ہیں۔ پارٹی ذرائع کے مطابق کانگریس ہیڈ کوارٹر میں ہونے والی اس میٹنگ میں دونوں ریاستوں میں پارٹی کی شکست کی وجوہات کا جائزہ لیا جائے گا۔ گجرات میں پارٹی نے اگرچہ پچھلی بار کے مقابلے میں اچھی کارکردگی پیش کی ہے لیکن اس بار بھی وہ 22 سال سے برسراقتدار بھارتیہ جنتا پارٹی کو ہٹانے میں کامیاب نہیں ہو سکی۔ اس کے علاوہ ، اجلاس میں سرخیوں میں چھائے ٹو جی گھوٹالہ معاملے میں خصوصی عدالت کے فیصلے کے بعد صورتحال پر بھی غور کئے جانے کا امکان ہے ۔