کانگریس اور ایس پی میں مفاہمت کی عملی جھلک ، عوام میں زبردست جوش و خروش
لکھنؤ ۔ /29 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) راہول گاندھی اور اکھلیش یادو پر آج گلاب اور دیگر پھول کی بارش ہوئی اور دونوں قائدین کی بکثرت گلوپشی کی گئی جب ان دونوں نے لکھنؤ میں 12 کیلو میٹر طویل قافلہ تک روڈ شو میں حصہ لیتے ہوئے کانگریس اور سماج وادی پارٹی (ایس پی) میں مفاہمت کی ایک عملی جھلک پیش کی ۔ راہول اور اکھلیش نے اپنی پارٹیوں کے کارکنوں اور قائدین کے حوصلے بلند کرتے ہوئے ایک خوبصورت سجی سجائی ’’یو پی وجئے رتھ‘‘ پر سوار ہوکر حضرت گنج کے جی پی او پارک پر مہاتما گاندھی کے مجسمہ کی نقاب کشائی کے بعد قدیم لکھنؤ تک 12 کیلو میٹر طویل روڈ شو کا آغاز کیا ۔ خصوصی طور پر تیار کردہ وجئے رتھ پر کانگریس کے نائب صدر راہول گاندھی اور اترپردیش کے چیف منسٹر اکھلیش یادو کی قد آدم تصاویر تھیں جس پر مفاہمت کا کلیدی نعرہ ’’ یو پی کو یہ ساتھ پسند ہے ‘‘ درج تھا ۔ بڑی گاڑی کے شہ نشین پر دونوں قائدین ہاتھ ہلاکر عوام کے پرجوش خیرمقدم کا جواب دے رہے تھے ۔ عوام کی کثیر تعداد بلند عمارتوں کی چھتوں سے ان دونوں پر پھولوں کی برسات کررہی تھی ۔ سڑکوں کی د ونوں جانب عوام کا ہجوم تھا اور گاڑی کی چھت پر سکیورٹی عہدیدار چوکس تھے ۔ کانگریس اور ایس پی کے ہزاروں کارکنوں کے ساتھ یہ رتھ آگے بڑھ رہا تھا ۔ پرجوش کارکن نعرے لگاتے ہوئے ان دونوں قائدین پر پھول برسا رہے تھے ۔ اس موقع پر دونوں جماعتوں کی تائید میں گیت بجائے گئے اور بینڈ باجوں کے ساتھ بڑے پیمانے پر سامع نوازی کی گئی ۔ اس روڈ شو نے مسلمانوں کی قابل لحاظ آبادی والے قدیم لکھنؤ کے بشمول دارالحکومت کے کئی گنجان علاقوں کا احاطہ کیا ۔ جلوس کے راستوں کی منظم انداز میں منصوبہ بندی کی گئی تھی جس کے نتیجہ میں عوام کی کثیر تعداد اور مختلف طبقات کے اکثر علاقوں تک مفاہمت کا پیغام پہونچایا جاسکا ۔ راہول اور اکھلیش نے مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کے بعد روڈ شو میں شرکت کی اور یہ شو لکھنؤ کے چوک علاقہ میں واقع تاریخی ’’گھنٹہ گھر‘‘ ایک بڑے جلسہ عام میں تبدیل ہوگیا ۔