رام گڑھ کی جیت پر سچن پائیلٹ نے مبارک باد پیش کی

جے پور، 31 جنوری (سیاست ڈاٹ کام ) راجستھان کے ڈپٹی وزیراعلی اور راجستھان کانگریس کمیٹی کے صدر سچن پائلٹ نے رام گڑھ اسمبلی حلقہ میں کانگریس پارٹی کو زبردست ووٹوں سے ملی کامیابی پر اپنی خوشی کا اظہار کرتے ہوئے علاقے کی عوام کا شکریہ ادا کیا۔مسٹر پائلٹ نے آج یہاں ایک بیان میں کہا ہے کہ کانگریس کے ہر کارکنوں نے دل سے کام کرکے علاقے کی عوام کے دلوں کو جیتا ہے جس کے نتیجے میں کانگریس پارٹی کے امیدوار صفیہ زبیر خان کو زبردست ووٹوں سے فتح حاصل ہوئی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ اسمبلی انتخابات میں بھی عوام نے بی جے پی کو بدترین شکست سے دوچار کرکے یہ ثابت کردیا تھا کہ بی جے پی حکومت نے عوامی حمایت کا غلط استعمال کرکے عوام کا استحصال کیا تھا اور کانگریس پارٹی نے عوام کے مسائل کو اٹھا کر عوام کو انصاف دلانے کے لئے مثبت اپوزیشن کا کردار ادا کیا تھا۔انہوں نے کہا کہ کانگریس اقتدار میں آتے ہی اپنے انتخابی وعدوں کو پورا کرنا شروع کردیا ہے اور کسان کے قرض معافی کے اعلان کے وعدے کے مطابق دو دنوں میں اعلان کرکے ریاست کی عوام کی امیدوں کو پورا کرنے کی کوشش کی ہے ۔