قبرستان کی بے حرمتی پر سوشیل میڈیا میں تصاویر کی گشت کے بعد فیصلہ
نئی دہلی ۔29 ڈسمبر ۔ ( سیاست ڈاٹ کام ) سابق صدر جمہوریہ اے پی عبدالکلام کے انتقال کے پانچ ماہ گذرنے کے بعد ٹاملناڈو کے ان کے آبائی گاؤں رامیشورم کے قریب واقع پی کرمبو قبرستان میں ان کی یادگار کی تعمیر کا کام شروع کیا جارہا ہے ۔ قبرستان کی صورتحال پر عبدالکلام کے ارکان خاندان کے اظہارتشویش اور وہاں کتے گھومنے کی تصاویر سوشیل میڈیا پر گشت کرنے کے بعد تعمیر کا آغاز کیا جارہا ہے ۔ اس غفلت و لاپرواہی کے لئے مرکز اور ریاستی حکومت ایک دوسرے کو مورد الزام ٹھہرارہے تھے ۔ ڈی آر ڈی او نے جہاں ڈاکٹر عبدالکلام ایک قابل لحاظ عرصہ تک گرانقدر خدمات انجام دے چکے ہیں ، قبرستان میں ان کے مقبرہ اور یادگار کی تعمیر کے مصارف برداشت کرنے کا اعلان کیا ہے ۔ ڈی آر ڈی او کے ایک عہدیدار نے کہاکہ تعمیر اپنے وقت پر کی جائے گی لیکن فی الحال فوری طورپر قبرستان کے اطراف حصار تعمیر کی جائیگی تاکہ قبروں کا احترام و تقدس برقرار رکھا جائے ۔ مرکزی عہدیداروں کا کہنا ہے کہ یادگار کیتعمیر کیل ئے انھیں ہنوز اراضی منتقل نہیں کی گئی ہے لیکن چیف منسٹر جیہ للیتا نے دعویٰ کیا ہے کہ 1.5ایکر اراضی پہلے ہی منتقل کی جاچکی ہے ۔ مرکزی وزیر شہری ترقیات وینکیا نائیڈو نے کہا ہے کہ اس مقصد کیلئے مزید دو ایکر اراضی درکار ہے ۔ ذرائع نے کہا کہ رامیشورم میں عبدالکلام کی شایان شان یادگار کی تعمیر کیلئے مرکزی حکومت ایک موزوں آرکیٹکٹ کی تلاش شروع کردی ہے ۔ مرکز نے رامیشورم کے علاوہ نئی دہلی کے ڈی آر ڈی او کامپلکس میں بھی عبدالکلام کی یادگار تعمیر کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔