شمالی اور جنوبی ہند کے عوام متحد،کیرالا کے لوک سبھا حلقہ وائیناڈ سے پرچہ نامزدگی داخل، پرینکا گاندھی بھی ہمراہ
ناگپور ؍ کال پیٹا (کیرالا) 4 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) صدر کانگریس راہول گاندھی نے یہ دعویٰ کرتے ہوئے کہ رافیل معاملت میں کرپشن کے بارے میں اس وقت کے وزیردفاع منوہر پاریکر جانتے تھے، آج کہا کہ ان کی پارٹی مرکز میں برسراقتدار آنے پر اس معاملت کی تحقیقات کی جائے گی۔ ناگپور میں انتخابی ریالی سے خطا ب کرتے ہوئے راہول نے الزام عائد کیا کہ وزیراعظم نریندر مودی نے لڑاکا جیٹ طیارے کی خریدی معاملت تبدیل کردی جس کے نتیجہ میں قیمت میں اضافہ ہوا۔ ’’میں آپ سے کہہ رہا ہوں کہ انتخابات کے بعد انکوائری شروع کی جائے گی اور دیگر چوکیدار جیل میں ہوگا‘‘ انہوں نے ان الفاظ کے ساتھ وزیراعظم کی ہر کسی کیلئے اس تاکید کا حوالہ دیا کہ وہ بھی ’چوکیدار‘ بن جائیں۔ راہول نے کہا کہ وزارت دفاع کی دستاویز بیان کرتی ہیکہ نریندر مودی نے اصل کنٹراکٹ کو تبدیل کیا اور ایک جیٹ طیارہ 1600 کروڑ روپئے میں خریدا ۔ چوکیدار نے چوری کا ارتکاب کیا ۔ اس وقت کے وزیردفاع (آنجہانی پاریکر) نے میڈیا کی جانب سے پوچھنے پر کہا تھا کہ انہیں نئی معاملت کے تعلق سے کچھ نہیں معلوم، آپ نریندر مودی سے پوچھئے۔ قبل ازیں کیرالا میں کال پیٹا پہنچ کر صدر کانگریس راہول گاندھی جو آئندہ لوک سبھا انتخابات اپنے روایتی انتخابی حلقہ اترپردیش کے حلقہ امیتھی سے لڑرہے ہیں، آج کیرالا کے حلقہ وائیناڈ سے بھی اُنھوں نے اپنا پرچہ نامزدگی داخل کیا۔ اپنی بہن پرینکا گاندھی اور کانگریس کے سینئر قائدین کے سی وینو گوپال اور مکل واسنک کے ہمراہ اُنھوں نے کلکٹر اے آر اجئے کمار کو ضلع وائیناڈ کے ہیڈکوارٹرس پر اپنے کاغذات پیش کئے۔ ہزاروں کانگریسی کارکن یو ڈی ایف کی زیرقیادت ضلع کلکٹریٹ وائیناڈ کے روبرو ہجوم کی شکل میں جمع تھے۔
یہ کیرالا کا حسین قدرتی نظاروں سے آراستہ پہاڑی علاقہ ہے۔ شدت کی گرمی کا دلیرانہ مقابلہ کرتے ہوئے پارٹی کے ہزاروں کارکن مرد عورتیں اور نوجوان کال پیٹا قصبہ میں جمع تھے تاکہ کانگریس کے وزارت عظمیٰ کے امیدوار کی ایک جھلک دیکھ سکیں۔ اُن کے ہمراہ مختلف نسلی قبائیلی گروپس بھی موجود تھے۔ پرچہ جات نامزدگی مکمل کرنے کے بعد راہول گاندھی نے پرینکا گاندھی اور سینئر کانگریس قائدین کے ہمراہ کیرالا میں ایک روڈ شو منعقد کیا۔ قصبہ کال پیٹا کی تنگ گلیاں پرجوش حامیوں سے بھر گئی تھیں جو صدر کانگریس اور دیگر قائدین بشمول پرینکا گاندھی کی ایک جھلک دیکھنے کے خواہشمند تھے۔ کاغذات داخل کرنے کے بعد راہول گاندھی نے ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ وہ جنوبی ہند کے اِس قصبہ سے الیکشن میں اِس لئے حصہ لے رہے ہیں کہ یہ پیغام دے سکیں کہ پورا ملک متحد ہے۔ جنوب، شمال، مشرق، مغرب اور وسطی علاقہ کی کوئی تفریق نہیں ہے۔ اُنھوں نے الزام عائد کیاکہ آر ایس ایس اور بی جے پی ملک کو علاقائی بنیادوں پر تقسیم کرنا چاہتے ہیں لیکن اِس میں کامیاب نہیں ہوسکیں گے۔