رافیل معاملت پر کانگریس ۔ بی جے پی لفظی جنگ

نریندرمودی چوکیدار نہیں چور ہیں : راہول، خاندان اسکاموں میں دفن : روی شنکر پرساد
نئی دہلی ۔ 26 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) رافیل جٹ معاملت پر کانگریس کے صدر راہول گاندھی کی وزیراعظم نریندر مودی پر الزامات اور بی جے پی کی جوابی تنقیدوں میں مزید شدت پیدا ہوگئی جب راہول گاندھی نے ایک اور وار کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم مودی ’’چوکیدار نہیں بلکہ چور ہیں‘‘۔ انہوں نے مزید کہا کہ ’’جو شخص رشوت ختم کرنے آیا تھا خود اس نے انیل امبانی کو 30,000 کروڑ روپئے دیدیا۔ یہ کھیل تماشہ تو محض اب شروع ہوا ہے جو آگے چل کر مزید دلچسپ بننے کیلئے پوری طرح تیار ہے۔ راہول گاندھی کل رات اپنے حلقہ لوک سبھا امیٹھی میں اپنی پارٹی کے سوشیل میڈیا ورکرس سے بات چیت کررہے تھے۔ راہول نے مزید کہا کہ یہ کھیل تو ابھی شروع ہوا ہے جو آگے چل کر مزید دلچسپ ہوگا۔ آئندہ دو تین ماہ آپ مزے لیتے رہیں گے جب ہم آپ کو نریندر مودی کا رافیل، وجئے مالیا، للت مودی، نوٹ بندی، کیرسنگھ ٹیکس (جی ایس ٹی) وغیرہ بیان کریں گے۔ یہ سب کا سب چوری ہے۔ ایک کے بعد ایک ہم آپ کو بتائیں گے۔ نریندر مودی جی چوکیدار نہیں بلکہ چور ہیں‘‘۔ راہول گاندھی کے ان تبصروں پر مشتمل ایک ویڈیو سوشیل میڈیا پر گشت کرنے لگا جس پر جوابی وار کرتے ہوئے مرکزی وزیر روی شنکر پرساد نے کہا کہ ایک ایسے لیڈر سے اس کے سوائے اور کوئی توقع بھی نہیں کی جاسکتی جس (لیڈر) کا ’سارا خاندان اسکاموں میں دفن ہے‘۔ روی شنکر پرساد نے کہا کہ کانگریس کیلئے یہ باعث شرم ہیکہ راہول گاندھی جیسے ایک جھوٹے اور غیرذمہ دار شخص اس کے صدر ہیں۔ ہم ایسے کسی لیڈر سے کوئی توقع بھی نہیں کرسکتے جس کا سارا خاندان خواہ بوفورس ہو یا نیشنل ہیرالڈ اسکاموں میں دفن ہے‘‘۔