راہول میں مودی کو نقصان پہونچانے کی اہلیت نہیں : کرن تھاپر
حیدرآباد 22 ستمبر ( سیاست نیوز ) معروف صحافی و نیوز تجزیہ نگار و ٹی وی کمنٹیٹر کرن تھاپر نے کہا کہ رافیل معاملت ‘ نریندر مودی حکومت کا بوفورس ہوسکتی ہے لیکن انہوں نے کہا کہ راہول گاندھی میں وہ صلاحیت اور شخصیت نہیں ہے جو وی پی سنگھ میں تھی جنہوں نے اس وقت کے وزیر اعظم راجیو گاندھی کو نقصان پہونچایا تھا ۔ تاہم انہوں نے کہا کہ اس مسئلہ پر مایاوتی ‘ ممتابنرجی اور لالو پرساد یادو موثر رول ادا کرسکتے ہیں۔ کرن تھاپر پریس کلب حیدرآباد میں میڈیا سے بات کر رہے تھے ۔ انہوں نے کہا کہ وزیر دفاع نرملا سیتارامن نے آن ریکارڈ کیا تھا کہ فرانس کی کمپنی کو ہندوستان میں اپنا بزنس پارٹنر منتخب کرنے کا پورا اختیار تھا لیکن اب ایسا لگتا ہے کہ نریندر مودی حکومت نے ہی خانگی بزنس پارٹنر پر اصرار کیا تھا ۔ واضح رہے کہ فرانس کے سابق صدر فرینکوئی اولاند نے واضح کردیا کہ ہندوستانی بزنس پارٹنر کے انتخاب میں فرانس کا کوئی رول نہیں تھا ۔ کرن تھاپر نے واضح کیا کہ ایسا لگتا ہے کہ حکومت ہند نے ہی خانگی شعبہ کی کمپنی کو بزنس پارٹنر منتخب کرنے کیلئے اصرار کیا تھا ۔ انہوں نے کہا کہ ایسا لگتا ہے کہ حکومت اب اس حقیقت کو چھپانے میں ناکام ہو گئی ہے اور حقائق منظر عام پر آ رہے ہیں۔