مرکز پر پسماندہ طبقات کے حقوق چھیننے کا الزام ۔ ایس سدھاکر ریڈی کی پریس کانفرنس
حیدرآباد۔یکم اپریل (سیاست نیوز)کمیونسٹ پارٹی آف انڈیا( سی پی ائی ) کے قومی سکریٹری سدھاکر ریڈی پسماندہ طبقات کے حقوق چھیننے کا مرکزی حکومت پر الزام عائد کیا۔ انہو ںنے کہاکہ ایس سی ‘ ایس ٹی مظالم ایکٹ میں ترمیم اس بات کا اشارہ ہے کہ آئندہ دنوں میں قومی سطح پر پسماندہ طبقات پر مظالم کے واقعات میں اضافہ ہوگا۔ انہوں نے کہاکہ اس حساس قانون کو ختم کرنے سے قبل حکومت نے عوامی رائے جاننے کی کوشش نہیں کی‘ انہوں نے ایس سی‘ ایس ٹی ایکٹ میںترمیم کے متعلق قومی سطح پر عوامی سنوائی کا مطالبہ کیا۔ وہ آج یہاں مخدوم بھون میں پریس کانفرنس سے خطاب کررہے تھے۔ مسٹر سدھاکر ریڈی نے جسٹس چلمیشوار کی تشویش کا بھی ذکر کیااو رکہاکہ افسوس کی بات ہے کہ سپریم کورٹ کے ججوں نے پریس کانفرنس کے ذریعہ اپنی پریشانیوں کا تذکرہ عوام کے سامنے کیا۔ انہو ںنے کہاکہ ججوں کی بے چینی کودور کرنے حکومت کو سنجیدگی سے غور کی ضرورت ہے ۔ انہو ںنے ججوں سے مشاورت کے سلسلے کو شروع کرنے پر زوردیا۔ سدھاکر ریڈی نے رافائیل کے متعلق وضاحت کا بھی حکومت سے مطالبہ کیا۔ انہوں نے کہاکہ رافائیل سمجھوتا ملک کی تاریخ کا سب سے بڑا بدعنوانی کا واقعہ ہے جس کی پردہ پوشی کی کوششیں ہو رہی ہیں ۔انہوں نے رافائیل معاملے میں وائٹ پیپر کی اجرائی یا پھر معاہدے کی تفصیلات کو عوام میں پیش کرنے کا حکومت سے مطالبہ کیا۔ ریاستی سکریٹری چاڈا وینکٹ ریڈی نے کہاکہ پہلے روز وی وی کالج جام باغ تا نمائش میدان ایک ریالی نکالی جائیگی اور 3بجے نمائش میدان پر جلسہ عام منعقد ہوگا۔ انہوں نے بتایاکہ لاکھوں کمیونسٹ کارکن جلسہ میںشرکت کریں گے۔ انہوں نے کہاکہ سی پی آئی قومی سکریٹری سدھاکر ریڈی‘ قومی قائدین اتل کمار انجان ‘ سیدعزیز پاشاہ او ردیگر کے خطابات ہونگے۔ انہوں نے کہاکہ2سے 4 اپریل آرٹی سی کلیان منڈپم میں ریاستی وفودکا اجلاس ہوگا۔ سینئر کمیونسٹ قائد وقومی صدر تنظیم انصاف جناب سید عزیز پاشاہ نے مجوزہ کانفرنس کو کامیاب بنانے کی کمیونسٹ قائدین او رکارکنوں سے اپیل کی اور کہاکہ کانفرنس کے دوران مرکزی اور ریاستی حکومت کی عوام دشمن پالیسیوں کوموضوع بحث لاکر مستقبل کی احتجاجی حکمت عملی کو قطعیت دی جائے گی ۔