کمشنر محکمہ سیول سپلائز کے احکامات، خلاف ورزی پر کارروائی کا انتباہ
حیدرآباد ۔ 14 جولائی (سیاست نیوز) کمشنر محکمہ سیول سپلائز ریاست تلنگانہ نے راشن شاپس کے ذریعہ راشن کارڈ ہولڈرس کو سربراہ کی جانے والی اشیائے ضروریہ کی مدت سربراہی کو 20 جولائی تک توسیع کرتے ہوئے احکامات جاری کئے اور ان احکامات کے ذریعہ تمام اضلاع بشمول گریٹر حیدرآباد کے راشن شاپ ڈیلرس کو اس بات کی سخت ہدایات دی گئی ہیں کہ وہ راشن کارڈ گیرندوں کو 20 جولائی تک اشیائے ضروریہ کی سربراہی عمل میں لائیں۔ باوثوق سرکاری ذرائع نے یہ بات کہی اور بتایا کہ ہر ماہ 15 تاریخ تک ہی راشن کارڈ گیرندوں کو اشیائے ضروریہ سربراہ کئے جاتے ہیں لیکن گذشتہ ماہ راشن شاپ ڈیلرس نے ہڑتال کرتے ہوئے اشیائے ضروریہ سے متعلق ڈی ڈیز ادا نہ کرنے کی وجہ سے وقت پر راشن شاپس تک اشیائے ضروریہ سربراہ نہیں کئے جاسکے۔ تاہم جاریہ ماہ کے پہلے ہفتہ میں حکومت کے ساتھ ہوئی بات چیت کامیاب ہونے کے باعث راشن شاپ ڈیلرس نے اپنی شروع کردہ ہڑتال سے دستبرداری اختیار کرلی تھی اور کارڈ گیرندوں کو اشیائے ضروریہ کی سربراہی کیلئے مقررہ مدت میں توسیع کرنے کی حکومت سے خواہش کی تھی۔ لہٰذا اس خواہش کو پیش نظر رکھتے ہوئے کمشنر محکمہ سیول سپلائز نے اشیائے ضروریہ کی کارڈ گیرندوں کو سربراہی کیلئے مدت میں 20 جولائی تک توسیع کی ہے۔
کمشنر ریاستی محکمہ سیول سپلائز نے راشن کارڈ گیرندوں سے 20 جولائی تک راشن شاپس کیلئے ضرورت کے مطابق اشیائے ضروریہ حاصل کرنے کی خواہش کی۔