راشن ڈیلرس کو ہڑتال پر محکمہ سیول سپلائز کا انتباہ

حیدرآباد 26 جون(یواین آئی)تلنگانہ کے محکمہ سیول سپلائز نے راشن ڈیلرس کو ہڑتال پر انتباہ دیتے ہوئے کہا کہ ہڑتال پر ان کو فوری طورپر برخاست کرتے ہوئے ان کی جگہ نئے ڈیلرس مقرر کئے جائیں گے ۔محکمہ نے اپنے پریس ریلیز میں کہا کہ اگر ڈیلرس اپنا غیر ذمہ دارانہ رویہ برقرار رکھیں گے تو محکمہ ایسا کرنے کا قانونی طورپر مجاز ہے ۔می سیوا سنٹرس پر ادائیگیوں کی آخری تاریخ 28جون مقرر کی گئی ہے اور راشن کی اشیا ان ہی ڈیلرس کو دی جائیں گی جو رقمی ادائیگیاں کرتے ہوں ۔رقمی ادائیگیاں کرنے میں ناکام ڈیلرس کو ہڑتالی ڈیلرس کے طور پر سمجھاجائے گا اور ان کو برخواست کردیاجائے گا۔تلنگانہ کے عوامی نظام تقسیم سے ریاست کے 85لاکھ افراد کو فائدہ ہوتا ہے ۔ سیول سپلائز کے افسروں نے دعوی کیا کہ بعض ڈیلرس کی جانب سے ہڑتال کئے جانے کے باوجود عوام کو کسی قسم کی دشواری نہیں ہوگی کیونکہ تمام انتظامات کئے گئے ہیں تاکہ اس بات کویقینی بنایاجاسکے کہ عوام کو ضروری اشیاحاصل ہوسکیں۔