راشن شاپ ڈیلرس نے ہڑتال سے دستبرداری اختیار کرلی

ریاستی وزرا سے کامیاب مذاکرات ۔ چیف منسٹر چندر شیکھر راؤ پر اظہار اعتماد
حیدرآباد 3 جولائی (سیاست نیوز) حکومت سے بات چیت کامیاب ہونے پر راشن ڈیلرس نے ہڑتال سے دستبرداری اختیار کرلی۔ وزیر سیول سپلائز ایٹالہ راجندر نے راشن ڈیلرس کے مسائل کو چیف منسٹر سے رجوع کرنے کا تیقن دیا۔ ریاستی وزراء ایٹالہ راجندر، ڈاکٹر لکشما ریڈی ڈپٹی اسپیکر پدما دیویندر ریڈی نے آج راشن ڈیلرس سے مذاکرات کئے جو ثمر آور ثابت ہوئے جس کے بعد راشن ڈیلرس نے اپنی ہڑتال سے دستبرداری اختیار کیاور چیف منسٹر کے سی آر پر اعتماد کا اظہار کیا۔ ڈی ڈی کی ادائیگی کیلئے 4 دن کی مہلت طلب کی۔ حکومت سے سہولت فراہم کرنے پر بغیر کسی مسائل و دشواری کے عوام کو راشن شاپس سے چاول تقسیم کرنے کا تیقن دیا۔ چاول کے کمیشن میں اضافہ کے مطالبہ پر راشن ڈیلرس نے ہڑتال شروع کی تھی۔ وزیر سیول سپلائز ایٹالہ راجندر نے کہاکہ سماج کے تمام طبقات سے انصاف کرنے والے چیف منسٹر راشن ڈیلرس سے بھی انصاف کرینگے ۔ ڈیلرس کے نمائندوں نے اہم مسائل کو فوری حل کرنے کا مطالبہ کیا۔ وزرانے راشن ڈیلرس کیلئے مہلت ختم ہوجانے کے باوجود مزید 4 دن سہولت فراہم کرنے سے اتفاق کیا۔ صدرنشین سیول سپلائز پی سدرشن ریڈی نے کہاکہ علیحدہ تلنگانہ کی تشکیل کے بعد ٹی آر ایس حکومت نے راشن ڈیلرس کے کئی مسائل کو حل کیا ہے۔ ان مسائل کو بھی چیف منسٹر سے رجوع کیا جائیگا۔ ڈیلرس اسوسی ایشن کے صدر رمیش بابو نے کہاکہ ہمارے مسائل کو وزراء نے چیف منسٹر سے رجوع کرنے کا تیقن دیا۔ جلد ہمارے مطالبات حل ہونے کی ہم اُمید کررہے ہیں۔ اقل ترین تنخواہ، بقایا جات کی اجرائی کے علاوہ ہیلت کارڈس کا حکومت سے مطالبہ کیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ ڈی ڈی کی ادائیگی کیلئے مزید وقت طلب کیا گیا ہے۔ انھوں نے کہاکہ ہم چیف منسٹر کے خلاف نہیں ہیں مجبوری میں ہڑتال شروع کی گئی ہے۔