نئی دہلی۔ 8 ڈسمبر (سیاست ڈاٹ کام) عام آدمی پارٹی اور این ایس یو آئی کے کئی کارکن آج حراست میں لے لئے گئے جبکہ وہ مرکزی وزیر داخلہ راج ناتھ سنگھ کی رہائش گاہ کے روبرو احتجاجی مظاہرہ کررہے تھے۔ ایک 27 سالہ خاتون کی جمعہ کی رات ٹیکسی ڈرائیور کی جانب سے عصمت ریزی کی گئی تھی۔ یہ احتجاجی مظاہرہ اسی کے خلاف تھا۔ کارکن اشوکا روڈ پر آج صبح پلے کارڈس اٹھائے ہوئے راج ناتھ سنگھ کی قیام گاہ کے روبرو جمع ہوگئے تھے۔ پلے کارڈس میں ایسے واقعات پر قابو پانے میں مرکز کی ناکامی پر تنقید کی گئی تھی۔ پولیس نے احتجاجی مظاہرین کو روک کر حراست میں لے لیا اور پارلیمنٹ اسٹریٹ پولیس اسٹیشن منتقل کردیا۔ عام آدمی پارٹی نے عہد کیا کہ یہ مسئلہ پارلیمنٹ میں اٹھایا جائے گا اور حکومت سے دریافت کیا جائے گا کہ اس نے خواتین کے تحفظ کو یقینی بنانے کیا اقدامات کئے ہیں۔ عام آدمی پارٹی قائد اشوتوش نے کہا کہ لیفٹننٹ گورنر کی قیام گاہ کے روبرو بھی احتجاج کیا جائے گا۔ بعدازاں این ایس یو آئی کارکنوں نے بھی مرکزی وزیر داخلہ کی قیام گاہ کے باہر احتجاجی مظاہرہ کرتے ہوئے ٹیکسی ڈرائیور کے خلاف سخت کارروائی کا مطالبہ کیا۔ تنظیم نے دعویٰ کیا کہ اس کے 30 احتجاجیوں کو حراست میں لے کر مندر مارگ پولیس اسٹیشن منتقل کیا گیا ہے۔