حیدرآباد 30جولائی(یواین آئی) وائی ایس آر کانگریس پارٹی نے آندھراپردیش کے سابق وزیر اعلی راج شیکھر ریڈی کے مجسمہ کو سڑک سے ہٹائے جانے کے خلاف شدید احتجاج کیا ۔ وجئے واڑہ ضلع میں سڑک کی توسیع کے حصہ کے طور پر کل رات دیر گئے کنٹرول روم کے قریب اس مجسمہ کو ہٹایا جارہا تھا کہ وائی ایس آر کانگریس پارٹی کے سینکڑوں کارکن وہاں جمع ہوگئے جنہوں نے مجسمہ کو برخاست کرنے کے خلاف شدید احتجاج کیا اور حکومت کے خلاف نعرے لگائے ۔ ان کارکنوں نے کہا کہ سڑک کی توسیع کے نام پر مجسمہ کو ہٹانا غیر جمہوری ہے ۔اس موقع پر پولیس اور وائی ایس آر کانگریس کے کارکنو ں میں بحث و تکرار ہوگئی ۔ پولیس نے ان کارکنوں کو حراست میں لینے کے بعد اس مجسمہ کو وہاں سے ہٹادیا ۔ اس واقعہ پر علاقہ میں کشیدگی پھیل گئی ۔ مجسمہ کو ہٹانے کیلئے بلدی افسروں کو پانچ گھنٹے کا وقت لگا ۔