راج شیکھر ریڈی کی 65 ویں یوم پیدائش، کانگریس قائدین کا بھرپور خراج

حیدرآباد /8 جولائی (سیاست نیوز) تلنگانہ اور آندھرا پردیش کی کانگریس کمیٹیوں نے راج شیکھر ریڈی کی 65 ویں یوم پیدائش کے موقع پر انھیں بھرپور خراج عقیدت پیش کیا۔ صدر تلنگانہ پردیش کانگریس پنالہ لکشمیا اور صدر آندھرا پردیش کانگریس این رگھوویرا ریڈی کے علاوہ دونوں ریاستوں کے کانگریس قائدین نے پنجہ گٹہ پر واقع راج شیکھر ریڈی کے مجسمہ پر گلہائے عقیدت پیش کرتے ہوئے ان کی خدمات کو ناقابل فراموش قرار دیا۔ علاوہ ازیں گاندھی بھون اور اندرا بھون میں بھی راج شیکھر ریڈی کو خراج عقیدت پیش کیا گیا۔ گاندھی بھون کے پروگرام میں کانگریس کے نائب صدر و سابق ریاستی وزیر محمد علی شبیر، سابق رکن پارلیمنٹ پونم پربھاکر، ترجمان پردیش کانگریس ایس کے افضل الدین، سکریٹری پردیش کانگریس سید یوسف ہاشمی کے علاوہ دیگر بھی موجود تھے۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے پنالہ لکشمیا نے راج شیکھر ریڈی کی عوامی خدمات کو ناقابل فراموش قرار دیا۔ انھوں نے راج شیکھر کی جانب سے متعارف کردہ فلاحی اسکیمات پر روشنی ڈالی اور کہا کہ انھوں نے تنظیمی سطح پر پارٹی کو مستحکم کرنے کے لئے بڑے پیمانے پر اقدامات کئے۔ اسی دوران این رگھوویرا ریڈی نے اندرا بھون میں سابق چیف منسٹر راج شیکھر ریڈی کی خدمات کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ ڈاکٹر ریڈی نے بحیثیت چیف منسٹر مقبول عام فلاحی اسکیمات کو متعارف کرواتے ہوئے سماج کے تمام طبقات کے دلوں میں اپنے لئے خصوصی جگہ بنائی تھی۔ ایسے عظیم قائد کی موت سے تلگو عوام کے مفادات کو بہت بڑا نقصان پہنچا ہے۔ انھوں نے کہا کہ مسلسل شکست کے بعد بے جان کانگریس میں نئی جان ڈالنے کے لئے راج شیکھر ریڈی نے پدیاترا کی اور پارٹی کو اقتدار تک پہنچانے میں اہم رول ادا کیا۔