گورنر ڈاکٹر کے روشیا نے نقاب کشائی انجام دی
حیدرآباد 28 فبروری ( این ایس ایس ) ٹاملناڈو کے گورنر ڈاکٹر کے روشیا نے سابق صدر جمہوریہ اے پی جے عبدالکلکام کے مجسمہ کی نقاب کشائی انجام دی ۔ انہوں نے راج بھون چینائی میں منعقدہ تقریب میںمرحوم سابق صدر کو خراج عقیدت پیش کیا ۔ قومی یوم سائینس کی مطابقت میں یہ تقریب منعقد ہوئی تھی ۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر روشیا نے کہا کہ ڈاکٹر اے پی جے عبدالکلام عوامی صدر تھے ۔ وہ ایک میزائیل سائینسدان ہونے کے علاوہ عوام میں جذبہ پیدا کرنے والی شخصیت تھے اور ملک کے نوجوانوں کیلئے ایک مثال تھے ۔ انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر عبدالکلام جب کبھی راج بھون ٹاملناڈو آتے وہ پرسکون محسوس کرتے اور انہیں یہ اعزاز ہے کہ وہ مرحوم سابق صدر کے کئی مرتبہ میزبان رہے ہیں۔ راج بھون میں گورنر ٹاملناڈو کی ہدایت کے مطابق ڈاکٹر عبدالکلام کا مجسمہ نصب کیا گیا ہے ۔ گورنر نے کہا کہ ڈاکٹر عبدالکلام ایک وژنری شخصیت کے مالک تھے اور انہوں نے ملک میں نالج سوسائیٹی کی تشکیل میں اہم رول ادا کیا تھا ۔ ان کے مجسمہ کی نقاب کشائی کرنا ان کیلئے اعزاز کی بات ہے ۔ چینائی کے کشور ناگپا نے 6 فیٹ 2 انچ قامتی مجسمہ تیار کیا ہے اور گورنر نے ان کو شال پیش کرتے ہوئے تہنیت پیش کی ۔ وائس چانسلر انا یونیورسٹی چینائی ڈاکٹر ایم راجا رام ‘ وائس چانسلر ٹاملناڈو ٹیچرس ایجوکیشن یونیورسٹی ڈاکٹر ایس تھنگا سامی اور دوسرے اس موقع پر موجود تھے ۔