حیدرآباد۔ 26 جنوری (سیاست نیوز) ریاست کی تقسیم کے مسئلہ پر آندھرا پردیش تنظیم جدید مسودہ بل 2013 پر ریاستی قانون ساز اسمبلی میں جاری گرماگرم مباحث کے دوران آج سیما۔ آندھرا سے تعلق رکھنے والے بعض وزراء نے چیف منسٹر مسٹر این کرن کمار ریڈی سے کیمپ آفس پر ملاقات کی۔ بتایا جاتا ہے کہ اس ملاقات کے دوران ریاست کی تقسیم سے پیدا ہونے والے مسائل اور راجیہ سبھا انتخابات کا مسئلہ موضوع بحث رہا۔ باوثوق ذرائع نے یہ بات کہی اور بتایا کہ چیف منسٹر سے ملاقات کرنے والے ریاستی وزراء میں مسرز جی سرینواس راؤ وزیر انفراسٹرکچر، ای پرتاپ ریڈی وزیر قانون و انصاف و دیگر کے علاوہ جے سی دیواکر ریڈی وغیرہ شامل ہیں۔ ان قائدین کے ساتھ منعقدہ اجلاس میں چیف منسٹر مسٹر این کرن کمار ریڈی نے اس بات کا مشورہ دینے کی اطلاعات پائی جاتی ہیں کہ راجیہ سبھا کی نشستوں کے لئے ہونے والے انتخابات میں کانگریس ہائی کمان کی ہدایات کو مکمل طور پر نظرانداز کرکے کانگریس ہائی کمان سے تعلق نہ رکھتے ہوئے آزاد امیدواروں کو مقابلہ میں اتارا جانا چاہئے۔ اس مسئلہ پر ابتدائی طور پر اس بات پر بھی غور کیا گیا کہ سیما۔
آندھرا ارکان کی تائید حاصل کرتے ہوئے راجیہ سبھا امیدواروں کی حیثیت سے پارٹی ہائی کمان کی ہدایات کی پرواہ کئے بغیر آزاد امیدواروں کو میدان میں اتارا جائے یا نہیں۔ بتایا جاتا ہے کہ اس مسئلہ پر کانگریس ہائی کمان کے خلاف منحرف امیدواروں کو انتخابی میدان میں اتارنے کیلئے مذکورہ وزراء اور جے سی دیواکر ریڈی نے اپنا سخت موقف اختیار کئے ہوئے ہیں۔ بتایا جاتا ہے کہ کانگریس ہائی کمان کے خلاف راجیہ سبھا انتخابات میں اپنے امیدواروں کو کامیابی دلاکر متحدہ ریاست آندھرا پردیش ریاست کی گونج کو کانگریس ہائی کمان کو سنانا بہت ضروری ہے تاکہ مرکزی حکومت اور کانگریس ہائی کمان ریاست کی تقسیم عمل میں لانے کے اپنے فیصلہ پر نظرثانی کرسکے۔ سیما۔ آندھرا قائدین ذرائع کے مطابق بتایا جاتا ہے کہ پارٹی کے منحرف امیدواروں کی حیثیت سے راجیہ سبھا انتخاب میں حصہ لینے سے مسٹر جے سی دیواکر ریڈی اپنی خصوصی دلچسپی کا اظہار کررہے ہیں۔ جبکہ کانگریس ہائی کمان کی جانب سے راجیہ سبھا کیلئے اعلان کئے جانے والے امیدواروں کی ہی بھرپور تائید و حمایت کرنے کے لئے صدر پردیش کانگریس کمیٹی مسٹر بی ستیہ نارائنا وزیر ٹرانسپورٹ، کانگریس ارکان اسمبلی سے خواہش کررہے ہیں۔ چیف منسٹر کے قریبی ذرائع کے مطابق بتایا جاتا ہے کہ راجیہ سبھا کیلئے ہونے والے انتخابات کے سلسلے میں چیف منسٹر مسٹر این کرن کمار ریڈی جو فیصلہ کریں گے۔ سیما۔ آندھرا کے تمام ارکان اسمبلی اس فیصلہ کے مطابق اپنا ووٹ دیں گے۔