حیدرآباد۔/26جنوری، ( سیاست نیوز) ریاست میں ہونے والے راجیہ سبھا انتخابات کیلئے کانگریس پارٹی کی کسی بھی دیگر سیاسی جماعت سے انتخابی مفاہمت نہیں رہے گی اورنہ ہی کانگریس پارٹی کسی دیگر امیدواروںکی تائید کرے گی۔ آج یہاں گاندھی بھون میں اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے صدر پردیش کانگریس کمیٹی و وزیر ٹرانسپورٹ مسٹر بی ستیہ نارائنا نے اس بات کا انکشاف کیا اور بتایا کہ بعض قائدین سیما آندھرا کے نقاب میں کانگریس پارٹی کو نقصان پہنچانے کیلئے آزاد امیدوار راجیہ سبھا انتخاب میں حصہ لینے کی بڑے پیمانے پر تشہیر کرنے کی اطلاعات پائی جارہی ہیں۔
اس طرح کے اقدامات پر شدید تنقید کرتے ہوئے مسٹر ستیہ نارائنا نے کہا کہ سیما آندھرا سے تعلق رکھنے والے کانگریس پارٹی کے تمام قائدین متحدہ آندھرا کے ہی حامی ہیں۔ لہذا راجیہ سبھا کے انتخاب میں کانگریس پارٹی کے کوئی ارکان اسمبلی بھی دیگر پارٹی کے یا آزاد امیدوار کو کسی صورت میں ووٹ نہیں دیں گے۔صدر پردیش کانگریس کمیٹی نے آج یوم جمہوریہ تقریب کے موقع پر گاندھی بھون میں پیش آئے ایک واقعہ کے سلسلہ میں ڈسپلن شکنی کے مظاہرہ پر مسرس جی نریندر یادو اور ایس کرشنا ریڈی سکریٹریز پردیش کانگریس کمیٹی کو ’ شوکاز ‘ نوٹس ( وضاحت طلبی ) جاری کی ہے او ر کہا کہ آج پرچم کشائی تقریب کے موقع پر ان دونوں قائدین نے بعض غیر اخلاقی اقدامات کئے جس کے باعث انہیں وضاحت طلبی نوٹس جاری کی گئی ہے۔