راجیو گاندھی کے پوسٹل اسٹامپس ختم کرنے کے خلاف احتجاج

عابڈس پر نریندر مودی کا علامتی پتلہ نذر آتش ، وی ہنمنت راؤ کا سخت ردعمل
حیدرآباد ۔ 21 ۔ ستمبر : ( سیاست نیوز ) : کانگریس کے قائدین نے اندرا گاندھی اور راجیو گاندھی کے پوسٹل اسٹامپس منقطع کردینے مرکزی حکومت کے فیصلے کے خلاف آج جی پی او عابڈس پر احتجاجی دھرنا منظم کرتے ہوئے وزیر اعظم نریندر مودی کا علامتی پتلا نذر آتش کیا ۔ صدر گریٹر حیدرآباد سٹی کانگریس کمیٹی و سابق ریاستی وزیر مسٹر ڈی ناگیندر کی قیادت میں احتجاجی دھرنا منظم کیا گیا جس میں سکریٹری اے آئی سی سی و رکن راجیہ سبھا مسٹر وی ہنمنت راؤ سابق رکن پارلیمنٹ مسٹر انجن کمار یادو ، سابق مئیر مسز بنڈا کارتیکا ریڈی ، سابق فلور لیڈر کانگریس مسٹر ایس محمد واجد حسین کے علاوہ دوسرے کانگریس قائدین و کارکن نے مرکزی حکومت اور وزیر اعظم نریندر مودی کے خلاف نعرے لگاتے ہوئے احتجاجی دھرنا منظم کیا ۔ مسٹر وی ہنمنت راؤ نے کہا کہ ملک کے لیے زندگیاں قربان کرنے والی دو عظیم ہستیوں اندرا گاندھی اور راجیو گاندھی کے پوسٹل اسٹامپس کی اجرائی کو روک دینے کا فیصلہ وزیر اعظم نریندر مودی کی تنگ نظری کا ثبوت ہے ۔ کیوں کہ دونوں عظیم شخصیتوں نے ملک کی ترقی اور غریب عوام کے بہبود ملک کی سالمیت کے لیے جو خدمات انجام دیں ہیں وہ ناقابل فراموش ہیں ۔ ایسا لگتا ہے وزیر اعظم نریندر مودی انتقامی ، سیاست پر عمل کرتے ہوئے عظیم شخصیتوں کی توہین کررہے ہیں ۔ جس کی کانگریس پارٹی سخت مذمت کرتی ہے ۔ صدر کانگریس جی ایچ ایم سی مسٹر ڈی ناگیندر نے اندرا گاندھی اور راجیو گاندھی کے پوسٹل اسٹامپس کی اشاعت کو بند کردینے کے فیصلے کو بدبختانہ قرار دیتے ہوئے مرکزی حکومت کو اپنے فیصلے سے فوری دستبردار ہوجانے کا مطالبہ کیا ۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی اقتدار کا بیجا استعمال کرتے ہوئے من مانی فیصلے کررہے ہیں۔ جس کی کانگریس پارٹی سخت مذمت کرتی ہے ۔ مسٹر ڈی ناگیندر نے کہا کہ نریندر مودی ملک کے وزیر اعظم تو بن گئے ہیں مگر گاندھی خاندان کی گھبراہٹ ان پر طاری ہوگئی ہے ۔ لہذا کانگریس کے عظیم شخصیتوں کی عوام کے دل میں جو محبت ہے اس کو دور کرنے کے لیے اندرا گاندھی اور راجیو گاندھی کے پوسٹل اسٹامپس کے چلن کو بند کردیا گیا ہے ۔۔