آئندہ ماہ سے دوایر بس چلانے کا اعلان ، سی ای او جی ایم آر سی جی کے کشور کا بیان
حیدرآباد ۔ 29 ۔ اگست (سیاست نیوز) ترکی کارگو سرویس نے راجیو گاندھی انٹرنیشنل ایرپورٹ سے کارگو خدمات کا آغاز کردیا ہے ۔ ترکی کارگو کمپنی کی جانب سے آئندہ ماہ سے ہفتہ میں دو ایر بس A330-200F کارگو پروازیں چلائی جائیں گی جو کہ حیدرآباد سے 260 مقامات کیلئے ہوں گی۔ ترکی کارگو کی خدمات لاطینی امریکہ ، یوروپ ، افریقہ کے علاوہ کامن ویلتھ انڈیپینڈنٹ اسٹیٹس میں بھی ہوگی۔ راجیو گاندھی انٹرنیشنل ایرپورٹ جو کہ جی ایم آر حیدرآباد انٹرنیشنل ایرپورٹ لمٹیڈ کی زیر نگرانی خدمات انجام دے رہا ہے، سے ترکی کارگو خدمات کے آغاز کے بعد ایرپورٹ کی اہمیت میں مزید اضافہ ہوچکا ہے کیونکہ کارگو خدمات کی حیدرآباد سے مختلف ممالک کو جوڑنے میں جی ایم آر ایرپورٹ کلیدی کردار ادا کر رہا ہے۔ ترکی کارگو خدمات کے حیدرآباد سے آغاز پر چیف اگزیکیٹیو آفیسر جی ایم آر حیدرآباد انٹرنیشنل ایرپورٹ مسٹر سی جی کے کشور نے اسے ایک بہترین ابتداء قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس سے قبل بھی دیگر ایرلائینس و کارگو خدمات نے جی ایم آر سے اپنی خدمات کا آغاز کیا ہے اور اب ترکی کارگو کی جانب سے شروع کردہ خدمات ایرپورٹ کی اہمیت میں اضافہ کا باعث بنے گی۔ انہوں نے بتایا کہ راجیو گاندھی انٹرنیشنل ایرپورٹ کے کارگو ٹرمینل کی جو گنجائش ہے، وہ ایک لاکھ پچاس ہزار ٹن سالانہ کی ہے، جو کہ ایک ملین میٹرک ٹن تک ہوتی ہے۔ آر جی آئی اے میں ہندوستان کا پہلا فارما زون تعمیر کیا گیا جو کہ حرارت کو کنٹرول میں رکھتے ہوئے ضرورت کے مطابق حدت کی فراہمی کا متحمل ہے۔