سبکدوشی کے دن تقرر ، پی ایم او نے بیان جاری کیا ۔ موجودہ معتمد داخلہ گوئل 17 ماہ قبل سبکدوش
نئی دہلی ۔31 اگسٹ ۔ (سیاست ڈاٹ کام ) حکومت نے آج اچانک اور حیرت انگیز اقدام کرتے ہوئے سینئر آئی اے ایس آفیسر راجیو مہارشی کو مرکزی معتمد داخلہ مقرر کیا ہے ۔ وہ آج سبکدوش ہونے والے تھے ۔ وہ ایل سی گوئل کی جگہ لیں گے جن کی دو سالہ میعاد ختم ہونے کیلئے ابھی 17 ماہ باقی ہیں لیکن اچانک اُنھیں اس عہدہ سے ہٹادیا گیا ہے ۔ مہارشی 1978 ء بیاچ کے راجستھان کیڈر سے وابستہ آئی اے ایس آفیسر ہیں اور وہ وزارت فینانس میں سکریٹری معاشی اُمور کے طورپر خدمات انجام دے رہے تھے ۔ اُن کی عمر آج 60 سال مکمل ہوگئی اور اس لحاظ سے اُن کا ڈیوٹی پر آخری دن تھا ۔ وزیراعظم کے دفتر نے ایک بیان میں کہا کہ وزیراعظم نریندر مودی نے مہارشی کے دو سال کیلئے معتمد داخلہ تقرر کو منظوری دیدی ہے ۔ اس پر آج سے عمل ہوگا ۔ حیرت کا پہلو یہ بھی ہے کہ مہارشی کے تقرر کی اطلاعات پی ایم او سے جاری کی گئی ، جس میں کہا گیا کہ وزیراعظم نے گوئل کی درخواست کو منظور کرلیا ہے ۔ وہ 1979 ء بیاچ کے آئی اے ایس عہدیدار ہیں جن کا تعلق کیرالا کیڈر سے ہے ۔ انھوں نے شخصی وجوہات کی بناء رضاکارانہ طورپر سرکاری خدمات سے سبکدوشی کی خواہش ظاہر کی تھی ۔ گوئل نے تقریباً 7 ماہ قبل یعنی 5 فبروری کو معتمد داخلہ کے عہدہ کا جائزہ لیا ۔ اُس وقت انیل گوسوامی کو برطرف کردیا گیا تھا ، جنھوں نے مبینہ طورپر سی بی آئی کو سابق مرکزی وزیر متنگ سنگھ کو شاردا چٹ فنڈ اسکام مقدمہ میں گرفتاری سے روکنے کی کوشش کی تھی ۔ حکومت نے تیسری مرتبہ اس طرح کسی سرکاری اعلیٰ عہدہ پر فائز عہدیدار کو میعاد پوری ہونے سے پہلے ہی ہٹادیا ہے ۔ گوسوامی کے علاوہ معتمد خارجہ سجاتا سنگھ کو جنوری میں عہدہ سے ہٹادیا گیا تھا ۔ اُن کی دو سالہ میعاد پوری ہونے کیلئے ابھی چھ ماہ باقی تھے ۔ مرکزی معتمد داخلہ کی میعاد دو سال کیلئے مقرر ہے ۔ آج کی تازہ تبدیلی اس تنازعہ کے پس منظر میں ہوئی کہ مارن گروپ کی ملکیت سن ٹی وی کو سکیورٹی کلیرنس کے انکار میں وزارت داخلہ کا رول رہا ہے ۔ اس کے علاوہ سماجی کارکن تیستا سیتلواد کی زیرقیادت این جی او اور ناگا معاہدہ کے تعلق سے وزارت داخلہ مختلف تنازعات میں گھری رہی ۔ تاہم گوئل کا یہ کہنا ہے کہ وہ حکومت سے بیزار نہیں ہے اور اُنھوں نے شخصی طورپر رضاکارانہ سبکدوشی کا فیصلہ کیا ہے ۔ آج انھوں نے اس اعلان کے بعد ذرائع ابلاغ کے نمائندوں کو بتایا کہ شخصی وجوہات کی بناء وہ اس عہدہ پر برقرار رہنا نہیں چاہتے ، یہ اُن کا اپنا فیصلہ ہے ۔ گوئل نے کہاکہ اس کے علاوہ اگر کوئی اور وجہ بتائی جارہی ہے تو وہ درحقیقت غلط ہے ۔ گوئل چند ماہ قبل 60 سال کی عمر کو پہنچ چکے تھے ۔ انھوں نے کہا کہ وہ کافی بہتر اور خوش ہیں۔