راجہ سنگھ کے بیان پر ایم بی ٹی کا احتجاج

حیدرآباد 26 نومبر (پریس نوٹ) مجلس بچاؤ تحریک کے کارپوریٹر جناب امجد اللہ خان خالد نے رکن اسمبلی گوشہ محل راجہ سنگھ کے بیان پر احتجاج کرتے ہوئے کہاکہ راجہ سنگھ یہ نہیں جانتے کہ مکہ مسجد اور مالیگاؤں بم دھماکوں میں کون ملوث ہے؟ انھوں نے کہاکہ بی جے پی کے رکن اسمبلی سستی شہرت اور جلد ترقی کرنے کی فراق میں من مانی بیانات دیتے ہوئے شہر کی پرامن فضا کو بگاڑ رہے ہیں۔ راجہ سنگھ کا اسمبلی میں بیان کہ پرانا شہر آئی ایس آئی کا اڈہ بنا ہوا ہے اور پرانے شہر کے ہر گھر میں آئی ایس آئی ایجنٹ ہے اور پرانا شہر پاکستان بنا ہوا ہے۔ اس بیان پر جناب امجد اللہ خان نے اپنی برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ راجہ سنگھ اپنا دماغی توازن کھوچکے ہیں۔ انھوں نے مسلم قیادت کا دعویٰ کرنے والوں کی خاموشی پر حیرت کا اظہار کیا۔ جناب امجد اللہ خان خالد نے کہاکہ اوڈین بم دھماکہ میں ناجائز طور پر پولیس کی جانب سے ملوث کئے جانے پر عدالت العالیہ نے ضیاء الحق کو باعزت بری کیا ہے، یہ اس بات کا ثبوت ہے۔ ایم بی ٹی کارپوریٹر نے راجہ سنگھ کو انتباہ دیا کہ وہ منافرت پھیلانے والے بیانات سے اجتناب کریں۔