دلتوں کو مارنے کی دھمکی دینے والے رکن اسمبلی کی گرفتاری کے لیے عاپ رکن اسمبلی سومناتھ بھارتی کا مطالبہ
حیدرآباد۔2۔ اگست (سیاست نیوز) عام آدمی پارٹی تلنگانہ یونٹ کی طلبہ تنظیم چھاترا سنگھرش سمیتی ( سی وائی ایس ایس) کی جانب سے دفتر حیدرآباد کمشنر پولیس پر بی جے پی رکن اسمبلی راجہ سنگھ کے مخالف دلت بیان کے خلاف احتجاجی مظاہرے کے دوران عآپ رکن اسمبلی سومناتھ بھارتی کے بشمول ساٹھ سے زائد عام آدمی پارٹی کارکنوں جن میں خواتین بھی شامل تھے کو گرفتار کرکے نارائن گوڑ ہ پولیس اسٹیشن منتقل کیاگیاجہاں پر ضابطہ کی تکمیل کے بعد تمام کی رہائی بھی عمل میںائی۔اس دوران میڈیاسے بات کرتے ہوئے سومناتھ بھارتی نے راجہ سنگھ کی گرفتاری کا حکومت تلنگانہ سے مطالبہ کیا اور کہاکہ دلتوں کو مارنے کی دھمکی دینے والے رکن اسمبلی نے جمہوریت کی دھجیاں اڑائیںہیں۔ انہوں نے مزیدکہاکہ ماضی میںبھی مذکورہ بی جے پی رکن اسمبلی نے مسلمانوں کے خلاف زہر اگلا تھا اور اب ان کے نشانے پر دلت برداری ہے ۔ سومناتھ بھارتی نے کہا کہ راجہ سنگھ کے خلاف ہم پرامن طور پر احتجاج کرتے ہوئے کمشنر سے ملاقات کی خواہاں تھے تاکہ انہیں عام آدمی پارٹی کی جانب سے ایک تحریری یادواشت پیش کرسکیں ۔ انہوں نے کہاکہ ہمارے احتجاج کا مقصد فرقہ پرستی کو روکنا ہے ۔ انہوں نے کہاکہ مگر پولیس نے ہمیںجبرا ً گرفتار کرکے مجرموں جیسا سلوک کیا۔انہوں نے مزیدکہاکہ کے سی آر حکومت میںفرقہ پرستوں کا بول بالا ہے وہ جوچاہئے بول سکتے ہیںمگر جمہوری انداز میںفرقہ پرستوں کے خلاف احتجاج کرنے والوں کو حکومت جیل کی سلاخوں کے پیچھے ڈھکیل رہی ہے ۔ انہو ںنے کہاکہ اگر حکومت تلنگانہ اقلیتوں اور دلتوں کے ساتھ زہر اگلنے والے غیرسماجی عناصر کواسی طرح کھلی چھوٹ دیگی تو سماج میںفرقہ پرستی کا زہر تیزی کے ساتھ پھیلے گا۔سومناتھ بھارتی نے کہاکہ عام آدمی پارٹی حکومت تلنگانہ کے موافق فرقہ پرست عناصر رویہ پر خاموش نہیںبیٹھے گی ہم اس ضمن میںتلنگانہ او رآندھرا کے یونٹس کے تمام قائدین سے مشاورت کے بعد حکومت تلنگانہ کے خلاف بڑے پیمانے پر محاذ ارائی کریں گے ۔ سومناتھ بھارتی نے راجہ سنگھ کی گرفتاری اور ایس سی ‘ ایس ٹی ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کرنے کا بھی حکومت تلنگانہ سے مطالبہ کیا۔ پروفیسر ویشویشوار رائو‘ کوارڈنیٹر تلنگانہ عام آدمی پارٹی وینکٹ ریڈی کے بشمول دیگر بھی اس موقع پر موجو دتھے۔