راجوری کے نوجوانوں کی پراسرار اموات، نعشیں برآمد

سرینگر، 29اگست (سیاست ڈاٹ کام) جنوبی کشمیر کے ضلع شوپیان سے منگل کی صبح جموں کے پہاڑی ضلع راجوری سے تعلق رکھنے والے دو نوجوانوں کی لاشیں برآمد کی گئیں۔ اس سے محض ایک روز قبل جنوبی ضلع کولگام سے راجوری کے ایک نوجوان کی نعش برآمد کی گئی۔ تینوں نوجوانوں کے جسموں پر تشدد کے کوئی نشان نہیں پائے گئے ۔ ضلع راجوری کے تین نوجوانوں کی جنوبی کشمیر میں پراسرار اموت کی وجہ سے جنوبی کشمیر کے مختلف حصوں بالخصوص ضلع شوپیان میں بے چینی کی فضا پیدا ہوگئی ہے۔ خیال رہے کہ جموں خطہ کا ضلع راجوری جنوبی کشمیر کے ضلع شوپیان کے بہت قریب ہے اور دونوں اضلاع کو تاریخی مغل روڑ ایک دوسرے سے جوڑتی ہے۔سرکاری ذرائع نے یو این آئی کو بتایا کہ ضلع شوپیان کے پالپورہ نرواؤ میں منگل کی صبح اس وقت خوف و ہراس کی لہر پھیل گئی جب مقامی لوگوں نے ایک میوہ باغ میں دو نوجوانوں کی لاشیں پڑی ہوئی دیکھیں۔ انہوں نے بتایا کہ مقامی لوگوں نے پولیس کو اطلاع دی جس کے بعد پولیس کی ایک پارٹی نے موقع پر پہنچ کر لاشوں کو اپنی تحویل میں لے لیا۔