راجوری میں ہندوستانی چوکیوں پر پاکستانی فوج کی فائرنگ

جموں ۔ 8 ڈسمبر (سیاست ڈاٹ کام) پاکستانی فوج نے ہفتہ کو جموں و کشمیر کے راجوری ڈسٹرکٹ میں لائن آف کنٹرول کے پاس فارورڈ پوسٹس پر فائرنگ کی۔ دفاع کے ایک ترجمان نے یہ بات بتائی اور کہا کہ پاکستانی فوج نے صبح تقریباً 9 بجے ہندوستانی چوکیوں کو نشانہ بنایا جس کا ہندوستانی فوج نے موثر جواب دیا۔ اس فائرنگ میں کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ہے جو آخری اطلاعات آنے تک اب بھی جاری ہے۔ یہ تازہ خلاف ورزی جمعرات کو اسی سیکٹر میں پاکستانی فائرنگ میں بی ایس ایف کے ایک جوان کی ہلاکت اور ایک اور جوان کے زخمی ہونے کے دو دن بعد کی گئی ہے۔ عہدیداروں نے کہا کہ بی ایس ایف جوان کی ہلاکت کے بعد ہندوستانی فوج کی جوابی فائرنگ میں پاکستانی فوج میں بھی جانی نقصانات ہوئے۔