شمس آباد ۔ 22 ۔ جون : ( سیاست نیوز) : محمد مرتضی علی ٹی ایس آر ٹی سی میناریٹی سیل ضلع صدر کی قیادت میں عمر بن عود شاستری پورم ڈیویژن صدر ، احمد پٹیل ، سلیم ، شفیع ، سکندر اوروسیم نے راجندر نگر رکن اسمبلی پرکاش گوڑ سے ملاقات کرتے ہوئے راجندر نگر اور شاستری پورم ڈیویژنس میں قبرستان کے لیے اراضی مختص کرنے کا مطالبہ کیا جس پر انہوں نے ایک خط ڈپٹی چیف منسٹر محمد محمود علی کو لکھا جس میں قبرستان کے لیے اراضی مختص کرنے کی اپیل کی ۔ اس خط کو ایک وفد نے محمد مرتضی علی کی قیادت میں ڈپٹی چیف منسٹر سے ملاقات کر کے ان کے حوالہ کیا اور اپیل کی کہ قبرستان کے لیے اراضی منظور کی جائے ۔ انہوں نے تیقن دیا کہ وہ ضلع کلکٹر سے بات کر کے منظورہ اراضی کی نشاندہی ہونے کے بعد اراضی قبرستان کے لیے مختص کریں گے ۔ محمد مرتضی علی نے بتایا کہ موجودہ قبرستان میں جگہ کی ناکافی اور آبادی میں مسلسل اضافہ کی وجہ سے تدفین کے لیے مسائل پیدا ہورہے ہیں ۔ جس کے لیے راجندر نگر رکن اسمبلی اور ڈپٹی چیف منسٹر سے اراضی مختص کرنے کی اپیل کی گئی اور دونوں نے ہی تیقن دیا کہ وہ اس سلسلہ میں کارروائی کرتے ہوئے جلد از جلد اراضی مختص کرینگے جس سے ایک بڑا مسئلہ حل ہوجائے گا ۔۔