سری نگر ، 23 اکتوبر (سیاست ڈاٹ کام) مرکزی وزیر داخلہ راجناتھ سنگھ منگل کو ایک روزہ دورے پر جموں وکشمیر کے گرمائی دارالحکومت سری نگر پہنچے ۔ وہ اپنے دورے کے دوران ریاست بالخصوص وادی کشمیر کی سیکورٹی صورتحال کا جائزہ لینے کے علاوہ مختلف سیاسی جماعتوں کے نمائندوں کیساتھ ملاقات کریں گے ۔ یہاں یہ امر قابل ذکر ہے کہ مسٹر راجناتھ وادی کے دورے پر ایک ایسے وقت آئے ہیں جب یہاں لوگوں میں جنوبی کشمیر کے ضلع کولگام میں پیش آئی شہری ہلاکتوں کے خلاف سخت غم وغصہ پایا جارہا ہے ۔ وزیر داخلہ نے منگل کی صبح اپنے ایک ٹویٹ میں کہا ‘جموں وکشمیر کے ایک روزہ دورے پر سری نگر کے لئے روانہ ہوگیا ہوں۔ سیکورٹی صورتحال کے علاوہ ریاست میں اٹھائے جانے والے اہم اقدامات کا جائزہ لوں گا’۔ سرکاری ذرائع نے یو این آئی کو بتایا کہ وزیر داخلہ اپنے دورے کے دوران شہرہ آفاق ڈل جھیل کے کناروں پر واقع شیر کشمیر انٹرنیشنل کنونشن سینٹر میں ریاستی گورنر ستیہ پال ملک اور اعلیٰ سول، پولیس و سیکورٹی عہدیداروں کے ساتھ ایک اعلیٰ سطح میٹنگ کرکے ریاست بالخصوص وادی کی سیکورٹی صورتحال کا جائزہ لیں گے ۔ انہوں نے بتایا ‘وزیر داخلہ پاکستان کے ساتھ لگنے والی لائن آف کنٹرول اور بین الاقوامی سرحد کی سیکورٹی صورتحال پر بھی سینئر فوجی عہدیداروں سے بریفنگ لیں گے ‘۔ راجناتھ سنگھ اپنے دورے کے دوران مختلف سیاسی جماعتوں بالخصوص نیشنل کانفرنس اور پی ڈی پی کے نمائندوں سے ملاقات کریں گے اور انہیں آنے والے پنچایتی انتخابات کا بائیکاٹ ختم کرنے پر قائل کرنے کی کوشش کریں گے ۔
نیشنل کانفرنس کے اعلیٰ سطحی وفد کی راجناتھ سنگھ سے ملاقات
سری نگر۔ 23 اکتوبر (سیاست ڈاٹ کام) نیشنل کانفرنس کے ایک اعلیٰ سطحی وفد نے منگل کے روز یہاں شہرہ آفاق ڈل جھیل کے کناروں پر واقع شیر کشمیر انٹرنیشنل کنونشن سنٹر میں مرکزی وزیر داخلہ شری راج ناتھ کے ساتھ ملاقات کی۔ پارٹی ترجمان کے مطابق وفد کی قیادت پارٹی جنرل سکریٹری علی محمد ساگر کررہے تھے جبکہ اُن کے ہمراہ معاون جنرل سکریٹری ڈاکٹر شیخ مصطفے ٰ کمال، صوبائی صدر ناصر اسلم وانی، سٹیٹ سکریٹری سکینہ ایتو، سینئر لیڈران و ایم ایل اے اوڑی محمد شفیع اوڑی، ایم ایل اے عید گاہ مبارک گل، ترجمانِ اعلیٰ آغا سید روح اللہ مہدی ایم ایل اے بڈگام، جنوبی زون صدر و ایم ایل اے سوناواری محمد اکبر لون،سابق وزیر قانون میر سیف اللہ اور تنویر صادق بھی تھے ۔ وفد نے وزیر داخلہ کو وادی کی موجودہ سیاسی، سیکورٹی ،امن و قانون اورانسانی حقوق کی پامالیوں کی صورتحال کے بارے میں تفصیلات پیش کیں اور اس بارے میں ایک میمورنڈم بھی پیش کیا۔