راجمنڈری (اے پی)، 27 جون (سیاست ڈاٹ کام) آندھرا پردیش کے ضلع مشرقی گوداوری میں 16 افراد ہلاک اور 18 دیگر زخمی ہوگئے جب مہیب آتشزدگی نے ایک گاؤں کو آج صبح لپیٹ میں لے لیا جو ظاہر طور پر گیس پائپ لائن سے گیس کے اخراج پر پیش آئے دھماکے کا نتیجہ معلوم ہوتا ہے۔ املاپورم ڈی ایس پی ایم ویرا ریڈی نے نیوز ایجنسی پی ٹی آئی کو بتایا کہ اس واقعہ میں زندہ جل جانے والے 13 افراد کی نعشیں خاکستر مکانات سے برآمد کرلی گئی ہیں۔ دو دیگر افراد اپنے زخموں سے جانبر نہ ہوسکے جبکہ وہ مختلف اسپتالوں میں زیرعلاج تھے۔ 18 زخمی لوگوں کو اس ضلع کے مختلف اسپتالوں کو منتقل کردیا گیا ،
ایک اور پولیس آفیسر نے اس کے ساتھ مزید کہا کہ مہلوکین میں پانچ خواتین، تین لڑکیاں اور ایک لڑکا شامل ہیں۔ اس ضلع کے مامیدیکدورو منڈل کے موضع ناگرام میں واقع سرکاری گیس اتھارٹی آف انڈیا لمیٹیڈ (جی اے آئی ایل) پائپ لائن سے آگ کے زبردست شعلے دہکتے ہوئے تیزی سے قریبی مکانوں اور ناریل کے کھیتوں تک پھیل گئے، اور یوں تباہی کی داستان چھوڑ گئے۔ پولیس افسر نے کہا، ’’دھماکہ اور پھر آتشزدگی جو لگ بھگ 5 بجے صبح شروع ہوئی، وہ تیزی سے پھیلتے ہوئے مکانات، ناریل کے کھیتوں اور قرب و جوار میں کھڑی گاڑیوں کو لپیٹ میں لیتی گئی۔ محض 15 منٹ میں سب کچھ خاکستر ہوچکا تھا‘‘۔ آئی جی پی ناتھ کوسٹل زون اتل سنگھ نے کہا کہ یہ آگ بظاہر اس وقت شروع ہوئی جب ایک چائے والے نے اسٹوو جلایا، جس کے ساتھ ہی دھماکہ ہوا۔ تاہم جی اے آئی ایل عہدہ دار نے اپنے چیرمین بی سی ترپاٹھی کے حوالے سے کہا، ’’اس دھماکہ کا قطعی سبب فوری طور پر معلوم نہ ہوا۔ انکوائری کے بعد ہی ہم تفصیلات اور اس دھماکہ کا سبب معلوم کرپائیں گے‘‘۔ 18 انچ والی پائپ لائن لانکو کے کونڈاپلی پاور پلانٹ نزد وجئے واڑہ کو گیس فراہم کرتی ہے۔ وزیر پٹرولیم دھرمیندر پردھان نے اعلیٰ سطح کی انکوائری کا حکم دیا ہے جس کی سربراہی اُن کی وزارت کے جوائنٹ سکریٹری کریں گے۔
یہ آتشزدگی اسی گاؤں میں واقع او این جی سی کی تاٹیپاکا ریفائنری سے محض چند سو میٹر کے فاصلے پر پیش آئی۔ پردھان نے جو مقام واقعہ کا دورہ کرنے والے ہیں، دہلی میں میڈیا والوں کو بتایا کہ ’’اس گیس پائپ لائن کو بند کردیا گیا ہے۔ آگ پر قابو پالیا گیا ہے۔ یہ نہایت سنگین صورتحال ہے اور میں نے اس واقعہ کی اعلیٰ سطح کی انکوائری کا حکم دیا ہے‘‘۔ صدرجمہوریہ پرنب مکرجی، وزیراعظم نریندر مودی اور کانگریس سربراہ سونیا گاندھی نے اس سانحہ میں جانوں کی تلفی پر تعزیت کا اظہار کیا ہے۔ مودی نے مہلوکین کے ورثا کیلئے پی ایم کے ریلیف فنڈ سے فی کس دو لاکھ روپئے کی ایکس گریشیا راحت کا اعلان کیا ہے۔ چیف منسٹر آندھرا پردیش این چندرا بابو نائیڈو نے بھی اس واقعہ کی انکوائری کا حکم دیا ہے۔ نائیڈو جو دہلی میں ہیں، اپنا سفر مختصر کرکے فوری مقام واقعہ کو پہنچ رہے ہیں۔ انھوں نے ڈپٹی چیف منسٹر این چناراجپا اور ایسٹ گوداوری ڈسٹرکٹ کلکٹر نیتو پرساد سے فون پر بات کی اور انھیں ہدایت دی کہ زخمیوں کو بہترین طبی سہولیات فراہم کی جائیں۔