جئے پور ۔ 25 ۔ جنوری (سیاست ڈاٹ کام) مہاتما گاندھی کے مجسمہ پر پینٹ کے ذریعہ تحریر کردہ پیام میں یومجمہوریہ تقاریب کے موقع پر اسلامک اسٹیٹ (داعش) کے حملوں کی دھمکی سے جئے پور کے علاقہ دوڈر میں تشویش کی لہر دوڑ گئی ہے جبکہ پولیس نے یہاں ان تحریروں کے پس پردہ افراد کا پتہ چلا نے کی کوشش جاری ہے ۔ بعض شرپسندوں نے علاقہ روڈا کے معظم باد میں واقع مجسمہ پراشتعال انگیز اور دھمکی آمیز پیام تحریر کیا ہے جن کی نشاندہی کی کوشش جاری ہے۔ ایڈیشنل ایس پی مسٹر سنجے کمار نے بتایا کہ مجسمہ کے پشت پر یہ تحریر کیا گیا ہے ۔ 26 جنوری کو تباہی مچادی جائے گی جس کے ساتھ آئی ایس آئی ایس بھی درج تھا ۔ مقامی افراد کی شکایت پر پولیس نے ایک کیس درج کر کے تحقیقات شروع کردی ہے۔