راجستھان میں بی جے پی حکومت کے خلاف موثر مہم شروع کی جائیگی : کانگریس

نئی دہلی 25 ڈسمبر ( سیاست ڈاٹ کام ) کانگریس کی جانب سے راجستھان میں بی جے پی سے مقابلہ کیلئے موثدر اور مثبت مہم شروع کی جائیگی ۔ پارٹی حکمرانی کے ایک نئے ماڈل کو پیش کریگی اور ریاستی حکومت کی ناکامیوں کو اجاگر کیا جائیگا ۔ سابق مرکزی وزیر سچن پائلٹ نے یہ بات کہی ۔ حالیہ ضمنی انتخابات کے نتائج سے پرجوش پارٹی نے فیصلہ کیا ہے کہ وہ اپنے کیڈر کو بوتھ سطح پرمستحکم کریگی اور جارحانہ عوامی رابطہ مہم کے ذریعہ عوام تک پہونچنے کی کوشش کریگی ۔ حالیہ ضمنی انتخاب میںکانگریس پارٹی نے بہتر مظاہرہ کیا ہے ۔ سچن پائلٹ راجستھان پردیش کانگریس کے صدر بھی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی کے برخلاف کانگریس کی مہم ان کی سطح پر نہیںلائی جائیگی اور یہ کوئی منفی مہم نہیں ہوگی ۔ اسکی بجائے کانگریس پارٹی موثر اور مثبت مہم شروع کریگی جس میں وسندھرا راجے سندھیا حکومت کی ناکامیوں کو عوام کے سامنے لایا جائیگا ۔ پارٹی کی جانب سے ریاست میں پہلے ہی ’’ میرا بوتھ ۔ میرا فخر ‘‘ مہم شروع کی جاچکی ہے اور بہت جلد ساری ریاست میںعوام سے رابطہ کا پروگرام شروع کیا جائیگا ۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس پارٹی صرف بی جے پی حکومت کی ناکامیوں پر عوام سے رجوع نہیں ہوگی بلکہ وہ ایک بہتر متبادل بھی عوام کے سامنے پیش کرے گی ۔ سچن پائلٹ نے کہا کہ ریاست میں پارٹی کارکن پہلے ہی بی جے پی سے نمٹنے کیلئے تیار ہوگئے ہیں اور اب جبکہ راہول گاندھی پارٹی کی صدارت سنبھال چکے ہیں تو پارٹی میں نیا جوش و جذبہ پیدا ہوگیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ راجستھان حکومت کے پاس عوام کو دکھانے کوئی کارنامے نہیں ہیں۔