نئی دہلی ۔ /6 ڈسمبر (سیاست ڈاٹ کام) صدر کانگر یس راہول گاندھی نے آج راجستھان اور تلنگانہ کے پارٹی کارکنوں پر زور دیا کہ وہ اپنے متعلقہ رائے دہی مراکز پر ہر ممکن کوشش کرکے دونوں ریاستوں میں پارٹی کی کامیابی کو یقینی بنائیں ۔ اپنے آڈیو پیغام برائے پارٹی کارکنان راجستھان سے راہول گاندھی نے کہا کہ انہیں بی جے پی کو شکست دینا ہے اور مراکز رائے دہی پر عوام کو اپنے اعتماد میں لینا ہے اور کانگریس کی کامیابی یقینی بنانا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ آپ کی کوششوں سے تمام مراکز رائے دہی پر بی جے پی کو شکست دی جاسکتی ہے ۔ عوام آپ کے ساتھ ہیں ۔ غریبوں کی حکومت قائم ہونا یقینی ہے ۔ انتخابی نتائج کے بعد کمزور طبقات بر سراقتدار آئیں گے ۔ یہ کاشتکاروں ، چھوٹے تاجروں ، دلتوں ، قبائیلیوں ، پسماندہ طبقات اور آپ کی حکومت ہوگی ۔ انہوں نے کانگریس کی سرکاری ٹوئیٹر پر پیغام تحریر کرتے ہوئے تلنگانہ کے پارٹی کارکنوں سے کہا کہ کانگریس پارٹی کو تلنگانہ کے خوابوں کا احساس ہے ۔ ریاستی عوام کے جذبات کا احترام ہے ۔ چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ جی ایسا نہیں چاہتے ۔ اب آپ کا وقت آرہا ہے ۔ مراکز رائے دہی پر کھڑے رہیں اور ہر ممکن کوشش کریں کہ کانگریس کامیاب ہو ۔ انہوں نے کہا کہ راجستھان اور تلنگانہ کے اسمبلی انتخابات جمعہ کے دن ہوں گے اور نتائج کا اعلان /11 ڈسمبر کو کیا جائے گا ۔ انہیں یقین ہے کہ انتخابات میں پارٹی کامیاب رہے گی ۔
ملک سے کرپشن کو ختم کرنے راہول کا عہد
طلبہ کے نام مکتوب ، تمام علاقائی زبانوں میں ترجمہ کر کے روانہ کیا گیا
نئی دہلی ۔ 6ڈسمبر ( سیاست ڈاٹ کام ) صدر کانگریس راہول گاندھی نے طلبہ کو تیقن دیا کہ ان کی پارٹی اپوزیشن پارٹیوں سے راست رسائی کو یقینی بنانے کیلئے ہر ممکنہ اقدامات کریں گے اور اس ملک سے رشوت کا خاتمہ کرنے کا عہد کرتے ہیں ۔ طلبہ کو روانہ کردہ اپنے اس مکتوب میں راہول گاندھی نے کہا کہ طلبہ کی قوم کے معمار ہوتے ہیں ، آج ملک کو جنگ کی نہیں بلکہ عصری ٹکنالوجی سائنس ، آرٹ اور ادب میں پیشرفت کرنے کی ضرورت ہے ۔ اس مکتوب کا ترجمہ تمام علاقائی زبانوں میں کیا گیا جس کو این ایس یو آئی کی جانب سے ملک کے تمام کالجوں کو روانہ کیا جائے گا ۔ کانگریس پارٹی کی ’’ بہتر بھارت ‘‘ مہم کے طور پر یہ مکتوب روانہ کیا جارہا ہے تاکہ طلبہ میں تحریک پیدا کرتے ہوئے اس ایجنڈے کو آگے بڑھایا جاسکے ۔ کانگریس پارٹی کے ایک بیان میں بتایا گیا کہ راہول گاندھی نے طلبہ سے کہاکہ معاشرہ حقیقت پسندانہ اور منصفانہ حکمرانی کے ذریعہ ہی ترقی پاتا ہے اور ہندوستان میں آپ جیسے طلبہ ہی اس ترقی کے اول دستہ سپاہی ہیں ۔ انہوں نے طلبہ سے متعلق اہم معاملات کو بھی اجاگر کیا ، جیسے کہ کالجوں میں بے تحاشہ فیس کی وصولی اور محدود نشستوں کیلئے سخت ترین مسابقت جیسے مسائل پر بھی رائے ظاہر کی ۔ صدر کانگریس نے وعدہ کیا کہ وہ طلبہ کی خواہشات کو پورا کریں گے اور ان کے جذبات اور احساسات کی ترجمانی کرتے ہوئے ترقی کے اقدامات کریں گے ۔ راہول گاندھی نے کہاکہ ان کی پارٹی طلبہ کیلئے وسیع تر مواقع پیدا کرے گی ۔