خلاف ورزی کی صورت میں سخت کارروائی ، کمشنر پولیس انوراگ شرما
حیدرآباد ۔ 14 ۔ مئی : ( ایجنسیز ) : شہر کے پولیس کمشنر انوراگ شرما نے شہر میں 16 مئی صبح 6 بجے سے 17 مئی صبح 6 بجے تک اسمبلی اور لوک سبھا انتخابات کی رائے شماری کے پیش نظر متعلقہ حلقہ جات میں امتناعی احکام جاری کردئیے ہیں ۔کمشنر پولیس انوراگ شرما نے مطلع کیا کہ حیدرآباد میں عام جلسوں اور جلوسوں کے اہتمام پر امتناع ہے جب کہ اس کے لیے متعلقہ زونل ڈی سی پی یا ایڈیشنل کمشنر آف پولیس ( لا اینڈ آرڈر ) یا جوائنٹ کمشنر ( کوآرڈینیشن اینڈ سیکوریٹی ) میں کمشنر آف پولیس کی قبل از وقت اجازت ضروری ہوگی ۔
کمشنر پولیس نے مطلع کیا کہ ہتھیار جیسے تلواریں ، بھالے ، چاقو ، لاٹھیاں ساتھ رکھنے ، سڑکوں یا عوامی مقامات پر افراد کا جھنڈیوں ، بندوقوں ، دھماکو خیز اشیاء ، اور دیگر ہتھیاروں کے ساتھ اجتماع پر سکریٹریٹ کے احاطہ بشمول برگولا راما کرشنا راؤ بلڈنگ ،
گریٹر حیدرآباد میونسپل کارپوریشن بلڈنگ ، کمشنر آف فشریز بلڈنگ ، منٹ کمپاونڈ ، نظام کالج اور اس کے اطراف و اکناف ، اے پی قانون ساز اسمبلی احاطہ اور اطراف و اکناف سڑکوں ( پبلک گارڈن نامپلی ) ، اپرٹینک بنڈ ، آئی میکس ، روٹری اور این ٹی آر مارگ سڑکوں ، سکریٹریٹ تا خیریت آباد ، مجسمہ ویشویشوریا فلائی اوور روڈ پر امتناع عائد رہے گا ۔ مذکورہ بالا مقامات پر مائیکس اور عوام کو مخاطب کرنے کے طریقہ کار پر امتناع عائد رہے گا ۔ مذکورہ بالا مقامات پر پلے میوزک ، گانا گانے ، لاوڈ اسپیکر کے ذریعہ بات چیت یا براڈ کاسٹ پر امتناع رہے گا ۔ تاہم ڈیوٹی انجام دینے والے پولیس عہدیدار ، ملٹری عملہ ، ہوم گارڈس عملہ اور آخری رسومات انجام دینے والے اس امتناع سے مستثنیٰ رہیں گے ۔
کمشنر پولیس حیدرآباد نے مطلع کیا کہ تمام شراب کی دوکانیں ، بارس جو ریسٹورانٹس سے لگے ہوئے ہوں ، ملٹری کانٹین بشمول اسٹار ہوٹلوں میں بارس ، ریسٹورانٹس ، ہوٹلیں ، نشیلی مشروبات کی دوکانیں اور کلبس ( سی آئی ۔ کیاٹ ) شراب فراہم کرنے والی دیگر دوکانیں جو دونوں شہروں کے حدود میں واقع ہوں 15 مئی کی صبح 6 بجے سے 17 مئی صبح 6 بجے تک بند رہیں گے ۔ انہوں نے بتایا کہ کسی بھی فرد کی جانب سے امتناعی احکام کی خلاف ورزی کی صورت میں سائبر آباد پولیس ایکٹ اور اے پی ایکسائز ایکٹ کے تحت کارروائی کی جائے گی ۔۔
دفعہ 144 کا نفاذ
شہر کے پولیس کمشنر نے 16 مئی کو لوک سبھا انتخابات اور اسمبلی انتخابات کے لیے رائے شماری کے پیش نظر دونوں شہروں حیدرآباد اور سکندرآباد میں دفعہ 144 نافذ کیا ہے ۔ کمشنر نے بتایا کہ حیدرآباد اور سکندرآباد میں امن کو قائم رکھنے کے لیے پانچ یا اس سے زائد افراد کے اجتماع پر امتناع عائد کیا گیا ہے ۔ پٹاخوں کو جلانے ، سڑکوں اور عوامی مقامات پر پٹاخوں کو پھینکنے پر بھی امتناع عائد کیا گیا ہے ۔ امتناعی احکام پر دونوں شہروں میں 24 گھنٹوں کے لیے عمل ہوگا ۔ جب کہ اس کا نفاذ 16 مئی صبح 6 بجے سے ہوگا ۔ پولیس کمشنر نے خبردار کیا ہے کہ کسی بھی شخص کی جانب سے مذکورہ بالا امتناعی احکام کی خلاف ورزی کی صورت میں اس کے خلاف کارروائی کی جائے گی ۔۔