رائے دہی کے ایک دن آپ محنت کیجئے

باقی پانچ سال میں محنت کرتا رہوں گا‘ ڈاکٹر قائم خان کا وعدہ

حیدرآباد۔28اپریل ( پریس نوٹ ) قائد کی حیثیت سے نہیں بلکہ خادم کی حیثیت سے عوام کے درمیان رہتے ہوئے خدمت کرنے کے عزم کا اظہار کرتے ہوئے صدر مجلس بچاؤ تحریک ڈاکٹر قائم خان امیدوار مجلس بچاؤ تحریک حلقہ اسمبلی چندرائن گٹہ نے انتخابی مہم کے اختتام پر دو مرکزی جلسوں کو حافظ بابا نگر ( معراج ہوٹل ) اور ریاست نگر بازار میں مخاطب کیا ۔ انہوں نے کہا کہ بحیثیت ڈاکٹر جس طرح امراض کا علاج کرتے ہیں اسی طرح عوامی مسائل کا علاج یعنی مسائل کے حل کیلئے جدوجہد کرتے ہوئے عوام کے دکھ درد کو اپنی تکلیف سمجھیں گے اور ان کے مسائل کی عاجلانہ یکسوئی کیلئے کوئی کسر باقی نہیں رکھی جائے گی ۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ پولنگ کے وقت ایک دن محنت کریں ‘ اس کے بعد 5 سالوں تک میں آپ کے مسائل کو حل کروانے کیلئے محنت کروں گا ۔ ڈاکٹر قائم خان نے عوام بالخصوص پرانے شہر کی عوام سے کہا کہ وہ مخالفین تحریک کی سازشوں کا شکار نہ ہوں کیونکہ مخالفین کے یہ حربے ہیں کہ ہمیشہ نت نئے ہتھکنڈوں کے ذریعہ مسلمانوں کو گمراہ کیا جاتا رہا ہے ۔ ان کے ناپاک عزائم کا خاتمہ عنقریب ہوگا۔ ڈاکٹر قائم خان نے قوم و ملت کے ذمہ داروں ‘ علماء کرام ‘ مشائخین عظام کو غور وفکر کی دعوت دی اور کہا کہ خدارا قوم کو ان ظالموں کے ظلم سے نجات دلانے کیلئے سامنے آئیں ۔ انتخابات میں معصوم و غریب مسلمانوں کی معیشت کا مذاق اڑایا جاتا ہے اور چند روپیوں کی خاطر ہم اپنے اوپر ظالم اور نااہل افراد کو مسلط کرلیتے ہیں ۔ وقت اور حالات کے پیش نظر ہم اپنی ذمہ داریوں کو سمجھیں اور حق کا ساتھ دیتے ہوئے مجلس بچاؤ تحریک کے امتیازی نشان ’’ٹی وی ‘‘ پر بٹن باکر اپنے قیمتی ووٹ کا استعمال کریں اور اپنے سیاسی شعور کا مظاہرہ کریں ۔ڈاکٹر قائم خان نے عوام سے کہا کہ ایک بار مجلس بچاؤ تحریک کو موقع دیں تاکہ مرحوم غازی ملت کی طرح حلقہ چندرائن گٹہ میں ترقیاتی و تعمیراتی کاموں کا سلسلہ پھر سے شروع ہوجائے ۔ ان جلسوں کو مجلس بچاؤ تحریک کے قائدین جناب اجمل الدین فاروقی ‘ جناب ایم اے باسط ( سابق صدر اسٹینڈنگ کمیٹی ) ‘ جناب محمد نذیر ‘ جناب محمد اعظم ‘ جناب عبداللہ اور دوسروں نے مخاطب کرتے ہوئے ڈاکٹر قائم خان کو بھاری اکثریت سے منتخب کرنے کی اپیل کی ۔ جلسہ کی کارروائی سکندر مرزا نے چلائی اور شکریہ ادا کیا ۔