رائے دہی کیلئے تمام حلقوں میں ووٹنگ مشین کا استعمال

صد فیصد مراکز میں ویب کاسٹنگ کو یقینی بنانے کا اعلان ۔ چیف الیکٹورل آفیسر بنور لعل

حیدرآباد 21اپریل ( سیاست نیوز) ریاست میں 30 اپریل ؤ 7مئی کو دو مرحلوں میں 42لوک سبھا اور 294 اسمبلی حلقہ جات کیلئے منعقدہ ہونے والے انتخابات ’ الکٹرانک ووٹنگ مشین ‘ کے ذریعہ عمل میں لائے جائیں گے اور کسی حلقہ میں بیالٹ پیپر کا استعمال نہیں کیا جائیگا ۔ علاوہ ازیں تمام مراکز رائے دہی کے منجملہ 66 فیصد مراکز رائے دہی میں ’ ویپ کاسٹنگ‘ کو صدفیصد یقینی بنایا جائیگا جبکہ ماباقی مراکز رائے دہی میں ویب کاسٹنگ کیلئے کوشش کی جاری ہے ۔ میڈیا سے بات کرتے ہوئے چیف الکٹورل آفیسر مسٹر بھنور لعل نے بتایا کہ ریاست میں ووٹنگ مشینوں کی کوئی کمی نہیں ہے ای سی آئی ایل کی جانب سے ای وی ایمس سربراہ کردیئے گئے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ کسی حلقہ سے 16امیدواروں سے زاید تعداد ہو تو دو الکٹرانک مشین اور اس سے زائد امیدوار مقابلہ میں ہوں تو تیسرا ووٹنگ مشین استعمال کیا جاسکتا ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ سیما آندھرا کے بعض حلقوں میں 48 امیدوار مقابلہ میں ہیں جہاں تین ووٹنگ مشینس کا استعمال کیا جائے گا ۔ مسٹر بھنور لعل نے کہا کہ وہ ریاست میں 90فیصد رائے دہی کو یقینی بنانے کوشش کررہے ہیں ۔ لہذا تمام جماعتوں اور رائے دہندوں سے حق رائے دہی سے استفادہ کی اپیل کی ۔ انہوں نے کہا کہ 30اپریل کو علاقہ تلنگانہ میں پہلے مرحلہ کے انتخابات کیلئے تمام تر انتظامات کرلئے گئے ہیں ۔ دوسرے مرحلہ میں سیما آندھرا میں 7 مئی کیلئے انتظامات جاری ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ وشاکھاپٹنم ‘ مشرقی گوداوری اور پرکاشم کے متعدد مقامات پر 156 مراکز رائے کیلئے لائیو ویب کاسٹنگ کیلئے بی ایس این ایل نے تیقن دیا ہے ۔ انتخابات میں سیکیورٹی کیلئے مرکز سے مزید 400 نیم فوجی فورسیس کی کمپیاں طلب کی گئی ہیں جو دو دنوں میں پہنچ جائیں گی ۔ انہوں نے کہا کہ امیدواروں کے حلفنامہ میں غلط اطلاعات پر انکے خلاف مقدمات درج کئے جائیں گے لیکن غلط اطلاعات فراہم کرنے پر امیدوار کو انتخاب میں حصہ لینے سے روکنے کا کمیشن کو اختیار نہیں ہے ۔ انہوں نے کہا کہ 26اپریل تک تمام رائے دہندوں کو ووٹر سلپس تقسیم کئے جائیں گے جبکہ 28اپریل کی شام کے بعد الکٹرانک میڈیا میں انتخابی تشہیر روکدی جائیگی ۔ ضروری ہدایات میڈیا کو دیدی گئی ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ مختلف شکایتوں سے کمیشن کو واقف کروایا گیا ہے ۔ تاہم وہاں سے جواب نہیں ملا ۔ انہوں نے کہا کہ کہیں امیدواروں کی جانب سے رائے دہندوں میں رقم یا شراب تقسیم کی جارہی ہو فون 8790499899 پر ایس ایم ایس کرنے پر چند منٹوں میں اسکواڈز کے ذریعہ کارروائی کی جائیگی ۔