رائے دہی سے ایک دن قبل کسانوں کے اکائونٹ میں 4 ہزار روپئے

تلنگانہ حکومت کے خلاف کانگریس کی الیکشن کمیشن سے شکایت
حیدرآباد۔11 اپریل (سیاست نیوز) کانگریس پارٹی نے الزام عائد کیا کہ رائے دہی سے چند گھنٹے قبل ٹی آر ایس حکومت نے کسانوں کے اکائونٹ میں رئیتو بندھو اسکیم کے تحت 4 ہزار روپئے جمع کیے ہیں تاکہ سیاسی فائدہ حاصل کیا جاسکے۔ پردیش کانگریس الیکشن کمیشن کوآرڈینیشن کمیٹی کے کنوینر جی نرنجن نے چیف الیکٹورل آفیسر ڈاکٹر رجت کمار کو اس سلسلہ میں مکتوب روانہ کیا اور شکایت کی کہ اسمبلی انتخابات کی طرح حکومت نے رئیتو بندھو اسکیم کی رقم کسانوں کے اکائونٹ میں جمع کردی ہے۔ ناگرکرنول لوک سبھا حلقہ سے تعلق رکھنے والے کے مرینہ گوڑ کو بینک اکائونٹ میں 4 ہزار روپئے جمع ہونے سے متعلق مسیج رائے دہی سے ایک دن قبل رات میں موصول ہوا۔ نرنجن نے کہا کہ حکومت کا یہ اقدام انتخابی ضابطہ اخلاق کی صریح خلاف ورزی ہے۔ الیکشن کمیشن کو اس سلسلہ میں فوری کارروائی کرنی چاہئے۔ نرنجن نے کہا کہ کسانوں کے اکائونٹ میں رقم جمع کرتے ہوئے رائے دہی پر اثرانداز ہونے کی کوشش کی گئی۔ یہی حربہ اسمبلی انتخابات میں استعمال کیا گیا تھا۔