رائے بریلی میں سونیا گاندھی بمقابلہ شازیہ علمی

نئی دہلی۔17فبروری ( سیاست ڈاٹ کام ) کانگریس نائب صدر راہول گاندھی کے خلاف کمار وشواس کو پارٹی امیدوار نامزدگی کے بعد یہ اطلاعات گشت کررہی ہے کہ عام آدمی پارٹی شازیہ علمی کو مجوزہ لوک سبھا انتخابات میںصدر کانگریس سونیا گاندھی کے خلاف اپنا امیدوار نامزد کرے گی ۔پارٹی ترجمان دلیپ پانڈے نے تاہم اس کی توثیق نہیں کی اورکہاکہ امیدواروں کو ابھی قطعیت دی جانی ہے ۔ شازیہ علمی عام آدمی پارٹی لیڈر اور نیشنل ایگزیکٹیو کمیٹی کی رکن ہیں ۔ انہیں گذشتہ دہلی اسمبلی انتخابات میں آر کے پورم حلقہ سے انتہائی کم ووٹوں کے فرق سے شکست ہوئی تھی۔ سمجھا جاتاہے کہ شازیہ علمی نے جنوبی دہلی یا فرخ آباد سے مرکزی وزیرسلمان خورشید کے خلاف مقابلہ کی خواہش ظاہر کی ۔ پارٹی نے لکھنو کے جرنلسٹ مکل ترپاٹھی کو پہلے ہی سلمان خورشید کے خلاف امیدوار نامزد کردیاہے ۔ ذرائع کے مطابق عام آدمی پارٹی کانگریس صدر سونیا گاندھی کے طاقتور گڑھ رائے بریلی میں مقبول عام لیڈر کو امیدوار بنانا چاہتی ہے ۔

اس کے علاوہ پارٹی بی جے پی وزارت عظمی امیدوار نریندر مودی کے خلاف بھی ایک طاقتور امیدوار کی تلاش میں ہے اور یہ قیاس آرائیاں جاری ہیں کہ پارٹی کے قومی کنوینر اروندکجریوال ان کے خلاف مقابلہ کرسکتے ہیں ۔ عام آدمی پارٹی لیڈر سنجے سنگھ نے کہا کہ پہلے نریندر مودی کو یہ اعلان کرنے دیجئے کہ وہ کہاں سے مقابلہ کریں گے ۔ اس کے بعد ہی ہم اپنا موقف ظاہر کرسکتے ہیں ۔ یہ کہاجارہا ہے کہ اگر نریندر مودی گجرات کے باہر انتخابی مقابلہ کرتے ہیں تو اروند کجریوال کو ان کے مقابلہ امیدوار نامزد کیا جائے گا ۔ عام آدمی پارٹی نے کل 20امیدواروں کی فہرست جاری کی تھی ۔