رائنا کی بچپن کی دوست پرینکا کیساتھ شادی

نئی دہلی ۔4اپریل ( سیاست ڈاٹ کام ) ہندوستان کے اسٹار کرکٹر سریش رائنا اپنی منگیتر پرینکا کے ساتھ آج شادی کے بندھن میں بندھ گئے ۔ ایک پاش ہوٹل میں منعقدہ ان کی شادی کی خانگی تقریب میں صرف ان کے افراد خاندان اور چند دوستوں نے شرکت کی جن میں قومی اور آئی پی ایل ٹیموں میں شامل ان کے ساتھیوں نے شرکت کی ۔ شادی کی رسومات کل رات ادا کی گئیں ۔ صدرنشین این سرینواسن اور ہندوستان و چینائی سوپر کنگس ٹیموں کے کپتان مہیندر سنگھ دھونی نے بھی شرکت کی ۔ 28سالہ رائنا اور فی الحال ہالینڈ میں برسرخدمت پرینکا کے درمیان بچپن سے دوستی تھی ‘ دونوں خاندانوں کے بھی طویل عرصہ سے قریبی تعلقات ہیں ۔ ایک حقیقیت یہ بھی ہے کہ پرینکا کے والد ہی تازی آباد میں رائنا کے اسپورٹس گرو تھے ۔ ان کی شادی میں سیاسی و فلمی دنیا کی اہم شخصیات کے علاوہ ساتھی کرکٹرس ڈوائین بریوؤ ‘ مائیکل ہنسی ‘ اسٹیفن فلیمنگ ‘ ویراٹ کوہلی اور ان کی محبوبہ انوشکا شرما نے ہفتہ کو اس جوڑے کی رسم منگنی میں شرکت کی تھی ۔ میڈل آرڈز بیٹسمین رائنا گذشتہ ہفتہ آئی سی سی کرکٹ ورلڈ کپ سیمی فائنل میں آسٹریلیا کے مقابلہ شکست کے بعد اپنی ٹیم کے ساتھ ہندوستان واپس پہنچے تھے ۔ رائنا نے چینائی سوپر کنگس کے ساتھ کھیلنے کا معاہدہ کیا ہے اور ان کی شادی کے بمشکل چھ دن بعد آئی پی ایل کے آٹھویں مقابلوں کا 9اپریل سے آغاز ہورہا ہے۔