ڈھاکہ ۔ 19 ۔ اگست (سیاست ڈاٹ کام) ڈھاکہ میں حکومت کی نئی پالیسی منسوخ کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے اپوزیشن کے تقریباً 20,000 حامیوں نے جن کا کہنا ہے کہ وہ ٹی وی اور ریڈیو اسٹیشنس کی آزادی پر حکومت کی پابندیاں برداشت نہیں کریں گے، ایک حکومت مخالف جلوس نکالا۔ اہم اپوزیشن بی این پی اور اس کی حلیف 19 سیاسی پارٹیوں نے قبل از وقت انتخابات کا مطالبہ کرتے ہوئے مسلسل کئی احتجاج کا آغاز کر رکھا ہے۔ جلوس میں 20 تا 25 ہزار افراد شریک تھے۔ زبردست بارش کی پرواہ کئے بغیر 20 تا 25 ہزار افراد نے تاریخی سہروردی ادیان گارڈن میں جلسہ عام میں شرکت کی۔ سینئر اپوزیشن قائد فخرالاسلام عالمگیر نے کہا کہ حکومت کی نئی نشریاتی پالیسی عوام دشمن اور جمہوریت دشمن ہے، اس کا مقصد حکومت کو ہمیشہ کیلئے برسر اقتدار رکھنا ہے ۔ عوامی ذرائع ابلاغ عوامی لیگ کے برسر اقتدار آنے کے وقت سے ہی پابندیوں کا شکار ہیں۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ نئی نشریاتی پالیسی حکومت کی ناکامیوں کو پوشیدہ رکھنے اور مخالفین کو خاموش کرنے کے مقصد سے تیار کی گئی ہے۔