نئی دہلی ۔ 5 اکٹوبر (سیاست ڈاٹ کام) دادری میں گوشت کے استعمال پر ایک شخص کے قتل پر جاریہ سیاسی تنازعہ کے دوران کانگریس لیڈر ڈگ وجئے سنگھ نے آج کہا کہ ملک بھر میں ذبیحہ گاؤ کا مرکزی قانون نافذ کرنے کی صورت میں ان کی پارٹی تائید کرے گی۔ یہ دریافت کئے جانے پر کہ ملک بھر میں ذبیحہ گاؤ کے خلاف پابندی کیلئے اگر ایک مرکزی قانون نافذ کیا گیا تو وہ تائید کریں گے؟ کانگریس جنرل سکریٹری نے کہا کہ اگر مرکزی سطح پر قانون سازی کی گئی تو ان کی پارٹی یقیناً تائید کرنے پر غوروخوض کرسکتی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ بی جے پی اقتدار میں آنے سے قبل ہی ملک کی 29 میں 24 ریاستوں میں ذبیحہ گاؤ پر پابندی عائد ہے۔ تاہم مسٹر ڈگ وجئے سنگھ نے یہ بھی وضاحت کی کہ میں ایک ہندو ہوں۔ میں بیف نہیں کھاتا، لیکن میں اپنی مرضی دوسروں پر مسلط نہیں کرتا چونکہ یہ مسئلہ ریاستوں کے دائرہ کار میں آتا ہے یہ ان کی صوابدید پر چھوڑ دینا چاہئے۔