د6دسمبر کو یوم سیاہ منانے مجلس بچاؤ تحریک کی اپیل

بابری مسجد کی شہادت کے خلاف گذشتہ 22 سال سے احتجاج ، ڈاکٹر قائم خاں کا بیان
حیدرآباد ۔ 2 ڈسمبر ( سیاست نیوز ) صدر مجلس بچائو تحریک ڈاکٹر قائم خان نے 6ڈسمبر کو یوم ِ سیاہ منانے کا اعلان کرتے ہوئے ریاست تلنگانہ اور آندھرا کے مسلمانو ںاور سیکولر ذہن کے حامل غیرمسلم ابنائے وطن سے بابری مسجد کی شہادت کے دن بند منانے کی اپیل کی۔ آج یہاں ایک پریس کانفرنس کے دوران میڈیا سے بات کرتے ہوئے انہوںنے کہاکہ پچھلے 22سالوں سے مجلس بچائو تحریک بابری مسجد کی شہادت پر احتجاجاً بند مناتے آرہی ہے۔ انہوںنے بتایا کہ مجلس بچائو تحریک کی جانب سے 6ڈسمبر کو مغل پورہ میںواقع اعظم فنکشن ہال میںایک احتجاجی جلسہ عام بھی منعقد کیا جائے گا گورنر آندھرا پردیش کو بابری مسجد کی بازیابی سے متعلق ایک یادواشت بھی پیش کی جائے گی اور صدر جمہوریہ کو بھی مکتوب روانہ کرنے کا اعلان کیا۔ صدر تحریک ڈاکٹر قائم خان نے کہاکہ پچھلے 22سالوں سے مجلس بچائو تحریک بابری مسجد کی بازیابی کے لئے جدوجہد کرتے آرہی ہے انہو ںنے مزید کہاکہ بابری مسجد کی بازیابی حکومتوں کی سازشوں کاشکار ہے۔انہوں نے بابری مسجد کی بازیابی سے متعلق جدوجہد کو مسجد کی بازیابی تک جاری رکھنے کا اعلان کیا او رکہاکہ کسی بھی فرقہ پرست طاقت سے ڈرنے یا گھبرانے والی جماعت کا نام مجلس بچائو تحریک نہیں ہے جو ذاتی مفادات حاصلہ کے لئے قوم او رملت کے سروں کا سودا کرے۔ انہوں نے ریاست کے سیاسی حالات پر بھی تشویش اور افسوس کا اظہار کیا ۔ انہو ںنے کہاکہ بلدی انتخابات کے پیش نظر بی جے پی پارٹی قائدین مسلمانوں کے جذبات سے کھلواڑ کررہے ہیں۔ انہوں نے ایوان اسمبلی میں بی جے پی رکن اسمبلی راجہ سنگھ کی تقریر کو اپنی شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہاکہ شکایت کے باوجودریاستی حکومت راجہ سنگھ کے خلاف کارروائی سے گریز کررہی ہے۔ انہوں نے راجہ سنگھ جیسے فرقہ پرستوں کو لگام لگانے کا حکومت تلنگانہ سے مطالبہ بھی کیا۔ انہوں نے بابری مسجد کی شہادت کے موقع پر پرامن اور جمہوری احتجاج کرنے کی عوام سے اپیل کرتے ہوئے 6ڈسمبر کو بند منانے کی اپیل کی۔ امجد اللہ خان کارپوریٹر اعظم پورہ کے علاوہ ایم بی ٹی قائد الطاف نصیب خان‘ سکندر مرزا او ردیگر بھی اس موقع پر موجود تھے۔