حیدرآباد 8 نومبر (سیاست نیوز) دیپاولی کی آتشبازی کے دوران دونوں شہروں میں 51 افراد زخمی ہوگئے۔ ایک مخصوص واقعہ میں تلنگانہ اسٹیٹ فارنسک لیباریٹری کی سابقہ اسسٹنٹ ڈائرکٹر سریکھا گنگولی شدید طور پر جھلس گئیں۔ نریڈمیٹ پولیس کے بموجب 67 سالہ سریکھا کل شام 7.30 دیوالی کے موقع پر اپنے شوہر سے فون پر بات کررہی تھی کہ اتفاقی طور پر وہاں موجود جلتے ہوئے دیے کے قریب چلی گئی جس کے نتیجہ میں اُس کے کپڑوں کو آگ لگ گئی اور وہ مدد کے لئے چیخ و پکار کرنے لگی۔ کچھ ہی دیر میں آگ نے سریکھا کو لپیٹ میں لے لیا اور شوہر وہاں پہونچ کر پانی ڈال کر آگ کو بجھایا۔ اُس وقت تک سابقہ فارنسک اسسٹنٹ ڈائرکٹر 50 فیصد جھلس چکی تھی اور اُسے خانگی دواخانہ منتقل کیا گیا جہاں وہ زیرعلاج ہے۔ پولیس نریڈمیٹ نے اس سلسلہ میں ایک مقدمہ درج کرلیا۔ واضح رہے کہ دیپاولی کے موقع پر آتشبازی کے دوران آنکھ زخمی ہونے والے 31 افراد کو سروجنی دیوی آئی ہاسپٹل میں شریک کیا گیا۔