دفتر ٹی آر ایس اولڈ سٹی میں محمد اعظم علی خرم انچارج ملک پیٹ کی پریس کانفرنس
حیدرآباد۔22مارچ(سیاست نیوز) قانون ساز کونسل گریجویٹ کوٹہ کے انتخابات میں تلنگانہ راشٹریہ سمیتی امیدوار دیوی پرساد کی کامیابی کو یقینی قراردیتے ہوئے ٹی آر ایس گریٹر حیدرآبادکنونیر مینم پلی ہنمنت رائو نے کہاکہ اس بار کونسل انتخابات میںٹی آر ایس کم ووٹ سے سہی مگر کامیاب ہوگی۔ تلنگانہ راشٹریہ سمیتی کے دفتر واقع اعظم پورہ میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے انہوں نے شہری حدود میںٹی آر ایس مخالف رائے دہی کی بات قبول کرتے ہوئے کہاکہ پارٹی کارکن اور قائدین کو اپنے امیدوار کی انتخابی مہم چلانے کے لئے بہت ہی کم وقت ملا جبکہ ایک سال پہلے سے ہی اپوزیشن جماعت گریجویٹ کوٹہ کے لئے اپنی انتخابی سرگرمیوں کا آغاز کرچکے تھے۔ انہوں نے کہاکہ تلنگانہ کے گریجویٹ طبقہ نے بھی ووٹر لسٹ میں اپنے ناموں کا اندراج کرانے میں کوتاہی برتی جس کے نتیجے میں حیدرآباد‘ رنگاریڈی اور محبو ب نگر کی ووٹرلسٹ میںاضافے نہیںہوسکے۔انہوں نے کہاکہ مجموعی ووٹنگ کا تناسب25.58رہا جو ٹی آر ایس امیدوار کی بھاری اکثریت سے کامیابی میںرکاوٹ کاسبب بنے گا۔جناب اعظم علی خرم انچار ج ملک پیٹ نے کہاکہ پرانے شہر کے تمام گریجویٹ رائے دہندوں نے ٹی آر ایس پارٹی کے حق میںاپنے ووٹ کا استعمال کرتے ہوئے ریاست کی بے مثال ترقی کے حصہ دار بنے ہیں۔ انہوںنے کہاکہ ملک پیٹ کے تمام رائے دہی مراکز پر ٹی آر ایس کے حق میں پولنگ ہوئی ہے۔انہوں نے دیوی پرساد کی کامیابی کو یقینی قراردیا۔اس کے علاوہ ٹی آر ایس یوتھ وینگ قائد بابا فصیح الدین‘مسٹرکپل بھی اس موقع پر موجود تھے۔