ریوڈی جنیرو ۔ 14 ستمبر۔(سیاست ڈاٹ کام) نیزہ پھینکنے والے ہندوستانی اتھلیٹ دیویندرا جھاجریا نے دو گولڈ میڈل حاصل کرنے والے پہلے ہندوستانی ہونے کی تاریخ بنائی ، جیسا کہ انھوں نے رواں پیرا اولمپکس ریو گیمس میں اپنا سابق عالمی ریکارڈ توڑ لیا۔ 36 سالہ دیویندرا جنھوں نے اس سے قبل 2004 ایتھنس گیمس میں گولڈ میڈل حاصل کیا تھا انھوں نے اب ریو میں اپنا ہی عالمی ریکارڈ توڑ دیا۔ دیویندرا نے 2004 ء میں 62.15 میٹر کی دوڑی تک نیزہ پھینکا تھا، اس مرتبہ انھوں نے اولمپک اسٹیڈیم میں 63.97 تک نیزہ پھینکتے ہوئے ایک نیا عالمی ریکارڈ قائم کردیا ہے ۔ اس ایونٹ میں شرکت کرنیو الے ایک اور ہندوستانی رنکو ہوڈا نے 54.39 میٹرس کے فاصلے تک نیزہ پھینکتے ہوئے نہ صرف پانچواں مقام حاصل کیا بلکہ اپنے سابق ریکارڈ کو مزید بہتر بنادیا ہے۔ یاد رہے راجستھان میں پیدا ہونے والے دیویندرا 8 سال کی عمر میں اُس وقت اپنا بایاں ہاتھ گنوایا تھا جب وہ جھاڑ پر چڑھنے کی کوشش میں شاٹ لگنے سے زخمی ہوگئے تھے ۔