دیوید ی کے بیٹے کے بینک لاکر سے املاک کی دستاویزات برآمد

بھوپال۔/4فروری، ( سیاست ڈاٹ کام ) معطل شدہ جوائنٹ کمشنر (ریونیو ) روی کانت دیویدی کے بینک لاکر لوک آیوکت پولیس نے 150گرام سونا اور املاک سے متعلق دستاویزات برآمد کی ہیں۔ یاد رہے کہ حکومت مدھیہ پردیش نے گذشتہ ہفتہ کو اُسوقت خدمات سے معطل کردیا تھا جب ان کے پاس 70 کروڑ روپئے کے غیر محسوبہ اثاثہ جات کا پتہ چلا تھا۔ جس کے بارے میں یہ شبہ کیا جارہا ہے کہ انہوں نے بدعنوانیوں میں ملوث ہوتے ہوئے جائیدادیں خریدیں۔ دوسری طرف لوک آیوکت پولیس میں موجود ذرائع نے بتایاکہ انہیں یہ اطلاع ملی ہے کہ انکم ٹیکس میں داخل کئے گئے ریٹرن میں روی کانت نے اپنی 25املاک کا سرے سے تذکرہ ہی نہیں کیا ہے۔ صرف 11املاک کا تذکرہ ریٹرن میں موجود ہے۔ گرامین بینک کے شاہ پورہ برانچ سے کھولا گیا لاکر دیویدی کے بیٹے انکیت دیویدی کے نام تھا۔ البتہ انکیت کی شادی میں جو جہیز دیا گیا تھا، روی کانت نے اسے اثاثہ جات کی فہرست میں شامل کیا ہے۔

لڑکی کا سرقلم کرکے خون پینے والے کو
سزائے موت
بنکورہ( مغربی بنگال )/4فروری، (سیاست ڈاٹ کام ) بنکورہ ڈسٹرکٹ کی ایک عدالت نے ایک ایسے وحشی انسان کو سزائے موت سنائی جس نے دو سال قبل ایک مذہبی رسم انجام دینے کیلئے ایک معصوم بچی کا سر قلم کرکے اس کا خون پی لیا تھا۔ سلگنا دستیدار ( چھتاراج ) کی ایک تیزگام عدالت نے اس قتل کو شاذو نادر پیش آنے والے واقعات میں بھی شاذ و نادر قرار دیتے ہوئے ملزم لکھی کانتا کرما کر کو سزائے موت سنائی ۔ استغاثہ کے مطابق موضع کلاوتوری کے لوگوں نے 29جنوری 2012ء کو ملزم کو ایک قبرستان کے قریب واقع کالی ماتا کے مندر میں لڑکی کے سر کے ساتھ دیکھا تھا۔ اس نے مندر میں کوئی رسم ادا کرتے ہوئے لڑکی کے کٹے ہوئے سر سے بہنے والے خون کو پی لیا جس کے بعد لوگوں نے اس کی خوب پٹائی کی اور پولیس کے حوالے کردیا۔