دیویانی کے امریکہ میں داخلہ پر پابندی ، استثنیٰ بھی ختم

ہند واپسی کے بعد گرفتاری وارنٹ کی اجرائی بھی ممکن : جن پساکی
واشنگٹن ۔ 11 ۔ جنوری : ( سیاست ڈاٹ کام ) : امریکہ نے ہندوستانی خاتون سفارت کار دیویانی کھوبر گاڑے کو ملک سے خارج کرنے کے بعد اس ملک میں ان کے دوبارہ داخلہ پر پابندی عائد کردیا ہے ۔ امریکی دفتر خارجہ نے کہا کہ عام طریقہ کار کے مطابق ویزا اجرائی کے عمل میں انہیں ویزا سے محروم رکھنے کے لیے ویزا اور ایمگریشن تحدیدات کے زمرہ میں ان کا نام شامل کردیا جائے گا ۔ دفتر خارجہ کی ترجمان جن پساکی نے کہا کہ امریکہ سے ان ( دیویانی ) کی واپسی سے اس 39 سالہ سفارتکار کے خلاف عائد الزامات میں کوئی تبدیلی نہیں ہوگی ۔ جن پساکی نے کہا کہ مستقبل میں ویزا اجرائی سے محروم رکھنے کے لیے ان کا نام تحدیدات یافتہ افراد کی فہرست میں شامل کیا جائے گا ۔ امریکی دفتر خارجہ کی ترجمان کے ان تبصروں کے بعد یہ واضح ہوگیا ہے کہ دیویانی کھوبر گاڑے کے ساتھ ایک نا پسندیدہ شخصیت جیسا سلوک کیا جارہا ہے اور مستقبل میں انہیں صرف عدالتی دائرہ کی حد تک محدود سفر کی اجازت دی جائے گی ۔

دیویانی کھوبر گاڑے شادی شدہ ہیں اور ان کے شوہر ایک ہند نژاد امریکی ہیں ۔ اس جوڑے کو چھ اور تین سال عمر کی دو لڑکیاں ہیں جو توقع ہے کہ اب ہندوستان لوٹ جائیں گی ۔ امریکہ نے کہا ہے کہ دیویانی نئی دہلی واپس ہوچکی ہیں ۔ اب انہیں کوئی استثنیٰ حاصل نہیں ہے اور ان کے خلاف گرفتاری کا وارنٹ بھی جاری کیا جاسکتا ہے ۔ واضح رہے کہ گھریلو ملازمہ کو مقررہ حد سے کم اجرت دینے اور ویزا کے حصول میں دھوکہ دہی کے الزامات کے تحت دیویانی کو 12 دسمبر کو نیویارک میں گرفتار کیا گیا تھا ۔ بعد ازاں لباس اتارنے کے بعد تلاشی لی گئی تھی اور چھوٹے اور معمولی مجرمین کے ساتھ جیل میں رکھے جانے کے بعد ہندوستان اور امریکہ کے درمیان سفارتی تنازعہ پیدا ہوگیا تھا ۔۔